رمضان المبارک کب شروع ہوگا؟ ماہرین فلکیات نے تاریخ بتا دی
07:17 AM, 23 Dec, 2021
لاہور: (ویب ڈیسک) تمام مسلمان رمضان کے بابرکت مہینے کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔ تاہم ماہرین فلکیات کے مطابق ماہ صیام کی آمد کو ابھی 3 ماہ سے زائد کا عرصہ باقی ہے۔ مصری انسٹی ٹیوٹ کے مطابق یکم اپریل 2022ء بمطابق 29 شعبان کی شام کو رمضان المبارک کا چاند دیکھا جائے گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اسی شام ماہ صیام کا چاند نظر آ جائے گا۔ فلکیاتی اعتبار سے ماہ رمضان کا آغاز دو اپریل 2022ء بروز ہفتہ کو ہوگا۔ اس کے علاوہ ماہ رجب کا چاند 29 جمادی الثانی 1443 ہجری بروز منگل سعودی وقت کے مطابق ٹھیک 8:46 بجے پر پیدا ہوگا۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ میں چھپی خبر میں کہا گیا ہے کہ ماہرین فلکیات کے مطابق ابتدائی حسابات سے پتا چلتا ہے کہ سال 1443 ہجری کے لئے رجب کی پہلی تاریخ بدھ 2 فروری 2022 کو ہوگی۔ خیال رہے کہ ہجری، قمری یا اسلامی کیلنڈر مہینوں کے تعین کے لئے قمری چکر پر مبنی حساب کتاب رکھتا ہے۔ بعض عرب ممالک جن میں سعودی عرب بھی شامل ہے، قمری کیلنڈر کو سرکاری کیلنڈر کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ اسلامی کیلنڈر کا آغاز حضرت عمر فاروق کے دور سے ہوا تھا۔ انہوں نے 12 ربیع الاول بمطابق 24 ستمبر 622 سے قمری اسلامی سال کا آغاز ہجرت مدینہ سے کیا تھا۔