عام انتخابات، غذات نامزدگی جمع کرانے کی کل آخری تاریخ

05:30 PM, 23 Dec, 2023

احمد علی
اسلام آباد: عام انتخابات 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کل آخری روز ہے۔ عام انتخابات میں حصہ لینے والے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے مطالبے پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کی تھی، الیکشن کمیشن کے نظرثانی شدہ شیڈول میں بتایا گیا تھا کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 سے 30 دسمبر تک ہوگی۔ ای سی پی کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کیخلاف اپیل 3 جنوری تک دائر ہوگی، پولنگ شیڈول کے مطابق 8 فروری 2024 کو ہی ہوگی۔ دوسری جانب3 روز میں لاہور میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر 89 امیدواروں نے کاغذات جمع کرا دیئے ہیں ، بلوچستان میں قومی اسمبلی کی 16 نشستوں پر 321، صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں کے لئے 1 ہزار 270 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ راولپنڈی میں قومی اسمبلی کی 4 نشستوں پر 78 امیدوار سامنے آگئے، صوبائی اسمبلی کی 8 نشستوں پر 243 کاغذات نامزدگی جمع ہوچکے ہیں، اسلام آباد کے 3 حلقوں میں 45 امیدوار میدان میں آگئے۔ پشاور میں قومی اسمبلی کی 5 نشستوں کیلئے 54 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے، بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی این اے 89 میانوالی سے جمع کرائے گئے۔ واضح رہے کہ گذشتہ 3 روز کے دوران متعدد سیاسی رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی وصول کئے اور جمع کرائے۔
مزیدخبریں