فالوورز بڑھانے کیلئے خاتون نےلڑکیوں کے اغواء کی جھوٹی خبر سے سنسنی پھیلا دی

06:02 PM, 23 Dec, 2024

ویب ڈیسک: مصر میں ایک خاتون بیوٹیشن نے فالوورز بڑھانے کےلیے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر لڑکیوں اور بچوں کے اغوا کی جھوٹی خبر دے کر ’قاھرہ‘ میں سنسنی پھیلا دی۔

جعلی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ۔ وزارت داخلہ کی تحقیقات پر معلوم ہوا کہ ایسا کوئی گروہ نہیں جو بچوں کو اغوا کرکے ان کےاعضا بیرون ملک سمگل کرتا ہے۔

العربیہ کے مطابق مصر کے شہر قاھرہ میں گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبر نے پورے مصرمیں خوف و ہراس پیدا کردیا۔

قاھرہ میں بیوٹی پارلر چلانے والی ایک خاتون نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا نامعلوم افراد کا ایک گروہ ان دنوں سرگرم عمل ہے جو کم عمر لڑکے اور لڑکیوں کواغوا کررہا ہے۔ یہ گروہ بچوں کے اعضا نکال کر انہیں بیرون ملک بڑی قیمت پر فروخت کردیتا ہے۔

خبر کے عام ہوتے ہی لوگوں نے بچوں کے تنہا گھر سے باہر نکلنے پر پابندی لگا دی۔ ہر شخص محتاط انداز میں بچوں کو ساتھ لےجاتا اور انہیں رات کو تنہا گھرسے نہ نکلنے کی تلقین کرنے لگا۔

مصری وزارت داخلہ نے اس بات کا فوری نوٹس لیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے اس خاتون تک پہنچ گئے جس نے جھوٹی خبر اپ لوڈ کی تھی۔

تحقیقات میں خاتون نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ اپنے اکاؤنٹ کے فالوورز کو بڑھانا چاہتی تھی جس کی وجہ سےایسی سنسنی خیزی پیدا کی تاکہ لوگ اس کے اکاؤنٹ کو سبسکرائب کریں۔

خاتون کو حراست میں لےکر اس کے خلاف جعل سازی اور معاشرے کو گمراہ کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مزیدخبریں