پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک انتقال کر گئے

03:31 AM, 23 Feb, 2022

Rana Shahzad
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک قضائے الہیٰ سے انتقال کر گئے ہیں۔ مرحوم کورونا وائرس میں مبتلا تھے۔ ان کی عمر 70 سال تھی۔ رحمان ملک کو گذشتہ ماہ جنوری میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے باعث ان کے پھیپھڑے شدید متاثر ہوگئے تھے۔ رواں ماہ فروری کے اوائل میں انہیں طبیعت بگڑنے پر انہیں اسلام آباد کے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔ رحمان ملک کے اہلِخانہ نے بتایا تھا کہ کورونا وائرس کے سبب پھیپھڑوں کے متاثر ہونے کی وجہ سے انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔ رحمان ملک کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے ترجمان ریاض علی طوری نے کہا کہ 'دکھ، درد اور غم ناقابل بیان ہیں، آج میں ہمیشہ کے لئے ایک عظیم دوست اور مہربان سرپرست سے ہمیشہ کے لیے محروم ہو گیا ہوں'۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے رحمٰن ملک کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر داخلہ رحمن ملک کے انتقال پہ دلی صدمہ ہوا, اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین! سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ان کے انتقال پر گھرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رحمٰن ملک کے انتقال کی افسوسناک خبر سن کر دلی صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحمٰن ملک اچھے انسان اور بہترین سیاستدان تھے، اب کا انتقال ملکی سیاست کے لیے بڑا نقصان ہے۔ سلیم مانڈوی والا کا مزید کہنا تھا کہ رحمٰن ملک کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکتا، ان کی پارٹی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مزیدخبریں