ویب ڈیسک :پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ماضی کو بھول کر آگے کی طرف بڑھیں، ملک کی بہتری کے لیے فیصلے کریں۔ آئی ایم ایف کو آج لیٹر لکھا جائے گا۔ صحافی نے سوال کیا کہ لیٹر لکھنے سے آئی ایم ایف قرضہ نہیں دے گا، اس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو خط ہم آئی ایم ایف کو لکھیں گے وہ ملکی مفاد میں ہوگا، ملک کے خلاف ہم کچھ بھی نہیں کریں گے۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے کچھ دیر قبل اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا ہے کہ لیٹر لکھ دیا گیا ہے؟ اس پر بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ آج شام تک لیٹر لکھ دیں گے، جس سے ریاست، جمہوریت اور قانون کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا، پی ٹی آئی ایسا کوئی کام نہیں کرے گی جس سے ریاست کو نقصان پہنچے گا۔ آج شام تک لیٹر میڈیا سے بھی شیئر کردیں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدالت کو بتایا ہے کہ میڈیا کو بھی رسائی نہیں ملی، نیب کا ایسا ٹرائل غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، آج جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، ہم نے اوپن ٹرائل کی حقیقت بتا دی ہے۔
بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت کے لیے لڑ رہے ہیں، آج پنجاب کا حال دیکھو جو انہوں نے کیا، نگران حکومت صاف شفاف انتخابات کروانے میں ناکام رہی ہے۔ الیکشن کمیشن فارم 47 کے تحت نتائج جاری کرنے میں ناکام رہا۔ ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ اور ان کی فیملی کو تحفظ فراہم کیا جائے، کل سابق کمشنر کا جو بیان جاری ہوا اب حقیقت عوام جان چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو فارم 47 جاری ہوئے وہ جعلی ہیں، ہم پارلیمان کا حصہ بنیں گے۔ ہم میدان چھوڑ کر نہیں جائیں گے، ہم ہر حال میں پاکستان میں قانون کی بالادستی اور رول آف لاء چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی نے ہی پناہ گاہیں بنائیں، صحت کارڈ بنائے اور سرمایا کاری لے کر آئی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا کوئی بھی قدم نہ پاکستان کے خلاف اور نہ عوام کے خلاف ہوگا۔ ہم جمہوریت کی جنگ لڑ رہے ہیں، اسی آزادی کے لیے بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں۔