الیکشن کمیشن کا پنجاب میں مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری

02:52 PM, 23 Feb, 2024

ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کے 5 امیدوار اقلیتی نشست پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے، جن میں فلبوس کرسٹوفر، ایمونئیل آتھر، رمیش سنگھ اروڑا، شکیلہ جاوید شامل ہیں۔ 

دوسری جانب پنجاب اسمبلی سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیاب خواتین کا نوٹیفیکشن جاری ہوگیا ہے۔ 

پنجاب اسمبلی کی 36 نشستوں پر مسلم لیگ ن کی خواتین امیدوار کامیاب ہوئی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر پیپلز پارٹی، 2 پر مسلم لیگ ق کی خواتین کامیاب قرار پائی ہیں۔ 

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی میں خواتین کی ایک نشست پر استحکام پاکستان پارٹی کی امیدوار کامیاب ہوئی ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 66 مخصوص نشستیں جبکہ غیرمسلموں کے لیے 8 نشستیں ہیں۔ پنجاب اسمبلی کی اقلیتوں کی 8 میں سے 5 نشستوں اور خواتین کی 66 نشستوں میں سے 42 کا نوٹیفیکشن جاری کیا گیا ہے۔

‏مسلم لیگ ن کو پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 36 نشستیں ملیں، سب سے زیادہ 19 خواتین کا تعلق لاہور سے ہے، راولپنڈی کو 7، فیصل آباد کو 2 سیٹیں ملیں۔ میانوالی، رحیم یار خان، گوجرانوالہ، چکوال، پاکپتن، قصور، سرگودھا، شیخو پورہ کو ایک ایک سیٹ ملی۔ 30 اضلاع سے کسی خاتون کو نامزد نہیں کیا گیا۔

مزیدخبریں