یہ کہنا کہ میں نے کسی کو بنایا غلط ہے: گورنر پنجاب
09:42 AM, 23 Jan, 2022
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ میں نے صرف پیش گوئی کی جس کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ گورنر ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ فخر ہے کہ پرویز الٰہی کے ساتھ مل کر ریسکیو 1122 منصوبہ شروع کیا، کارکن قائدین کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں تو سیاسی جماعتیں کامیاب ہوتی ہیں۔ اپنے گزشتہ روز کے بیان کی وضاحت پیش کرتے ہوئے چوہدری سرور کا کہنا تھا یہ کہنا کہ میں نے کسی کو بنایا غلط ہے، البتہ مجھے فخر ہے کہ اجتماعی سیاسی کوششوں میں میری جدوجہد بھی شامل تھی، سیاق و سباق سے ہٹ کر بات کرنا مناسب نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام میں کوئی ایک شخص اکیلا کچھ نہیں کر سکتا، مجھے اس بات پر ضرور فخر ہے کہ میں بھی آمریت کے خلاف لڑنے والوں میں شامل تھا، میں نے برے اور مشکل وقت میں ہر کسی کا ساتھ دیا، مسلم لیگ کو چھوڑا تھا تو وہ بہت مضبوط تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے عمران خان اور بے نظیر بھٹو کے بارے میں وضاحت دے دی ہے، میں نے کہا تھا کہ نواز شریف وزیراعظم، شہباز شریف وزیراعلیٰ بنیں گے، کسی کو وزیراعظم بنانے میں ہر سیاسی کارکن کا کردار ہوتا ہے۔ گورنر پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف جب جلا وطن تھے تو ان سے اچھا تعلق تھا، پیش گوئی کی تھی کہ نواز شریف وزیراعظم اور شہباز شریف وزیراعلیٰ بنیں گے، میں نے صرف پیش گوئی کی جس کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا میں ملک میں کونسلر نہیں بنا تو کسی کو وزیراعظم کیسے بناؤں گا؟ اگر میں کسی کو وزیراعظم بنوا سکتا تو خود نہ بن جاتا۔ مسلم لیگ ن کے قائد کے ویزے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا نواز شریف اور شہباز شریف کے ویزے میرٹ پر لگے تھے، برطانیہ میں ویزے کے معاملے پر کوئی اثرانداز نہیں ہو سکتا۔