وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ایک بار پھر اپوزیشن رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا. وزیراعظم عمران خان ’’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘‘ پروگرام میں براہ راست عوام کے سوالوں کا جواب دے رہے تھے.
اپنے ردعمل میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ کی دھمکیاں کہ اقتدار سے نکالا گیا تو مزید خطرناک ہو جاؤں گا گیدڑ بھبکیوں کے سوا کچھ نہیں۔ جس دن آپ اقتدار سے نکلے عوام شکرانے کے نفل پڑھیں گے۔ نا آپ نواز شریف ہیں جس کے پیچھے عوام کھڑی تھی نا ہی آپ بیچارے اور مظلوم ہیں۔ آپ سازشی ہیں اور مکافات عمل کا شکار ہوئے ہیں۔
مریم نواز کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں مزید کہنا تھا کہ عمران خان صاحب، اب رونے دھونے اور ڈرامہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ سامان اٹھائیں اور چلتے بنیں۔ جتنی دیر آپ اقتدار سے چپکے رہیں گے اپنی اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے۔ آپ عبرت ناک شکست کھا چکے ہیں۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا مشرف نے 2 گھرانوں کی چوری معاف کرکے جرم کیا، ہم نے ڈاکوؤں کےساتھ کوئی مفاہمت نہیں کرنی، سیاست میں ان ڈاکوؤں کےخلاف ہی آیا ہوں، کوئی طاقتور جیلوں میں نظرنہیں آتا، 3 بارکے وزیراعظم کے بچے بیرون ملک بیٹھے ہیں ، میں ملک سے نہیں بھاگا، کیسز کا سامنا کیا، کہا جاتا ہے کہ میں شہبازشریف سے ہاتھ نہیں ملاتا، شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر نہیں قومی مجرم سمجھتا ہوں، شہبازشریف نے داماد اور بیٹے کو ملک سے فرار کرایا، شہبازشریف پارلیمنٹ میں 3،3 گھنٹے کی تقریریں کرتے ہیں، تقریر کم اورجاب کی درخواست زیادہ ہوتی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقصود چپڑاسی کےاکاؤنٹ میں 16 کروڑ روپے کیسے آگئے؟، جب سوال پوچھاجائےتو کہتے ہیں بچے باہر ہیں ان سے پوچھیں، شہبازشریف کیس کا روزانہ کی بنیاد پر سن کر فیصلہ ہونا چاہیے، اپوزیشن کواین آراو نہیں دوں گا، مجرموں سےمفاہمت کروں گا تو قوم سے غداری کروں گا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت سے نکل گیا تو آپ کیلئے زیادہ خطرناک ہوجاؤں گا، پارٹی کومنظم رکھنے کیلئے یہ لوگ واپسی کی باتیں کرتے ہیں، اپوزیشن اپنی چوری بچانےکیلئے نکل رہی ہے، سڑکوں پرنکلا تو اپوزیشن کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، ہر بیروزگار سیاستدان کہتا ہے میں حکومت گرادوں گا، 11 پارٹیوں کا گلدستہ بھی مینار پاکستان نہیں بھر سکا اور ہم نے مینار پاکستان کو 4 بار بھرا،مجھے ان کے پاکستان آنے کاشدت سے انتظارہے، قوم آئندہ بھی ہماراساتھ دے گی۔