آئی سی سی ٹیمز آف دی ایئر کا اعلان، پاکستان کی چھٹی

06:31 PM, 23 Jan, 2024

 ویب ڈیسک : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ’مینز ون ڈے اور ٹی 20 ٹیمز آف دی ایئر 2023‘ کا اعلان کر دیا ہے پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ۔
آئی سی سی کے مطابق انڈین کرکٹر روہت شرما کو ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا کپتان مقرر کیا گیا ہے اور ٹیم کے کپتان سمیت اس ٹیم میں 6 کھلاڑیوں کا تعلق انڈیا سے ہے جن میں ویرات کوہلی، شبمن گل، محمد سراج، کلدیپ یادو اور محمد شامی شامل ہیں۔
 ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں آسٹریلین کرکٹرز ٹریوس ہیڈ اور ایڈم زمپا، جنوبی افریقہ کے ہینرک کلاسن اور مارکو جینسن اور نیوزی لینڈ کے ڈیرل میچل شامل ہیں۔

گزشتہ روز آئی سی سی کی جانب سے ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر 2023 کا اعلان کیا گیا تھا جس میں انڈیا کے چار، زمبابوے کے دو، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، یوگینڈا اور آئرلینڈ کے ایک ایک کھلاڑی شامل ہیں۔
انڈین کرکٹر سوریا کمار یادیو ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر کے کپتان ہیں، انڈیا کے ہی یشاسوی جیسوال، ارشدیپ سنگھ اور روی بشنوئی بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ زمبابوے کے سکندر رضا اور رچرڈ این گاراوا بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
اس کے علاوہ انگلینڈ کے فل سالٹ، ویسٹ انڈیز کے نکولس پوران (وکٹ کیپر)، نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین، یوگینڈا کے الپیش رامجانی اور آئرلینڈ کے مارک ادیر بھی آئی سی سی کی ٹیم کا حصہ ہیں۔

دوسری جانب آئی سی سی نے ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر کا اعلان بھی کیا ہے جس کا کپتان آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کو مقرر کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کے عثمان خواجہ، ایلیکس کیری، میچل اسٹارک اور ٹریوس ہیڈ کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن، انگلینڈ کے جو روٹ اور اسٹیورٹ براڈ اور سری لنکا کے دیمتھ کرونا رتنے بھی ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر کا حصہ ہیں۔اس سال پاکستان کی مین اور ویمن دونوں کرکٹ ٹیمز کا کوئی بھی کھلاڑی ان ٹیمز میں جگہ بنانے میں ناکام رہا۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم مسلسل دو مرتبہ ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر اور ایک مرتبہ آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔
پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 2021 میں آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر جبکہ محمد رضوان 2021 میں آئی سی سی ٹی20 کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں تاہم گذشتہ برس گرین شرٹس کے لیے اچھا ثابت نہ ہوا جس کے بعد آئی سی سی ایوارڈز میں کوئی بھی کھلاڑی جگہ نہ بنا سکا۔
 

مزیدخبریں