بھٹو کے وارث ہونے کے دعویدار نے ضیاء کے وارثوں سے الحاق کیوں کیا؟ شاہ محمود قریشی

07:03 PM, 23 Jan, 2024

ویب ڈیسک: شاہ محمود قریشی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو میں سوال اٹھایا ہے کہ بلاول خود کو بھٹو کا وارث کہتے ہیں تو انہوں نے پی ڈی ایم بنا کر ضیاء کے وارثوں سے الحاق کیوں کیا؟

شاہ محمود قریشی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جاوید ہاشمی نے حق اور سچ کا جھنڈا بلند کیا ہے۔بلاول سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آج آپ کو نواز شریف کی انتقامی سیاست نظر آرہی ہے۔

سابق وزیرخارجہ نے سوال کیا کہ بلاول نے شہباز شریف کی حکومت کے اندر وزیر خارجہ کا حلف کیوں اٹھایا؟ بلاول کہتا ہے کہ ہم بھٹو کے وارث ہیں تو انہوں نے پی ڈی ایم بنا کر ضیاء کے وارثوں کیساتھ الحاق کیوں کیا؟ آئی پی پی نے چند سیٹوں کیلئے اپنی پارٹی کی قربانی دے دی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ملتان میں جہانگیر ترین ن لیگ کی مدد مانگ رہا ہے، لودھراں میں ن لیگ کی مخالفت کررہا ہے۔ آئی پی پی نے 51 سیٹوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور 7 پر ایڈجسٹمنٹ کی۔ سائفر صرف اور صرف سیکرٹری خارجہ کے دیکھنے کے لیے تھا۔

انہوں نے بتایا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے سیاسی مداخلت کو مانا۔ سائفر آنے کے بعد خان صاحب نے کہا جتنے بھی پارلیمنٹری لیڈرز ہیں سب کو بریف کیا جائے۔ سیکرٹری خارجہ نے تمام پارلیمنٹری لیڈرز کو سائفر پر بریفنگ بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے عمران خان کے حق میں بیان بہت بڑی بات ہے۔ جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کی رہائی کیلئے مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے مہم کی قیادت کریں گے۔ جس کیلئے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

مزیدخبریں