لاس اینجلس آگ کے باوجود آسکر ایوارڈ مقررہ تاریخ کو ہونگے، اہم تبدیلیوں کی  بھی منظوری

05:38 PM, 23 Jan, 2025

علی رضا

ویب ڈیسک :( علی رضا ) لاس اینجلس آگ کے باوجود آسکر ایوارڈ 2025 مقررہ تاریخ کو ہوں گے ، اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے اہم تبدیلیوں کی منظوری دیدی.

اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے لاس اینجلس کی بدترین آگ کے باوجود جو دوبارہ بھڑک اٹھی ہے  آئندہ 2025 آسکر تقریب 2 مارچ کو  ہی منعقد کرانے کا اعلان کیا ہے ۔ 

 تاہم اکیڈمی آف موشن پکچرز کا کہنا ہے کہ اس سال کی تقریب میں   جنگل کی آگ کے بحران  کے پیش نظر لاس اینجلس  شہر جسے "خوابوں کا شہر" اور ’’فلم انڈسٹری کا دل’’ کہا جاتا ہے کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ ۔

دی ہالی ووڈ رپورٹر کے مطابق، اکیڈمی کے سی ای او بل کریمر اور صدر جینٹ یانگ نے ایک خط میں اعلان کیا ہے کہ  "ہم لاس اینجلس کو خوابوں کے شہر کے طور پر عزت دیں گے،  وہ شہر جو ایک صدر سے زیادہ عرصے سے فلم سازوں اور تخلیقی بصیرت رکھنے والوں کے لیے روشنی کا نشان ہے اسے اس کے شایان شان خراج تحسین پیش کرینگے  جو اس کی خوبصورتی اور لچک کو ظاہر کرے گا۔

کریمر اور یانگ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تقریب حالیہ واقعات کی عکاسی کرے گی، خاص طور پر جنگل کی آگ کی وجہ سے خطے کو درپیش جاری چیلنجز، جبکہ شہر کے رہائشیوں اور اس کی فنکارانہ برادری کے ناقابل تسخیر جذبے کو بھی منایا جائے گا۔

اس خراج تحسین کے علاوہ، اکیڈمی نے آسکر ایوارڈ تقریب کے  موسیقی پرفارمنس شعبے  میں بڑی  تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔

اس سال آسکر ایوارڈز تقریب کے دوران بہترین اوریجنل گانے کے زمرے میں نامزد گانوں کی روایتی لائیو پرفارمنس  نہیں پیش کی جائے گی ۔

بلکہ اس سال نغمہ نگاروں کو ان کے فن اور تخلیقی عمل کے لئے احترام کے طور اسٹیج پر بلایا جائے گا

 یادرہے 100 سال سے تاریخی طور آسکر ایوارڈ کے دوران بہترین اوریجنل گانے کا ایوارڈ دینے کے لئے اداکار سنٹر اسٹیج پر لائیوپرفارمنس پیش کرتے تھے تاہم اس سال روایت شکنی کرتے ہوئے نغمہ نگاروں کو مزید پہچان دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

اکیڈمی کے نغمہ نگاروں پر توجہ مرکوز کرنے کے فیصلے کا مقصد نامزد گانوں کے پیچھے کہانیوں اور انسپائریشن سے پردہ اٹھانا ہے۔

مزیدخبریں