وزیراعظم کے کشمیر پر ریفرنڈم کرانے کے اعلان پر فضل الرحمان کا رد عمل

02:40 PM, 23 Jul, 2021

شازیہ بشیر
لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے کشمیر پر ریفرنڈم کرانے کے اعلان پر مولانا فضل الرحمان کا رد عمل انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کشمیری فروشی کے ہمارے دعوؤں پہ مہر ثبت کر دی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی جداگانہ حیثیت ختم کرنے کیلئے ریفرنڈم کرانے کی بات اقوام متحدہ کی تاریخی قرار دادوں و مؤقف سے کھلا انحراف ہے۔ عمران خان کا موقف اسی سات نکاتی ایجنڈے کا حصہ ہے کہ جس کی شروعات سابق فوجی ڈکٹیٹر جنرل مشرف نے اپنے دور میں کی تھی۔ گلگت بلستان اور 85 ہزار مربع کلومیٹر کے علاقے و آبادی کو چھوڑ کر صرف آزاد کشمیر میں ریفرینڈم کرانا جدوجہد و آزاد کشمیر کے ساتھ غداری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کے حق استصواب رائے سے چاہتے ہیں۔ مودی مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے35/350 لگائے تو وہ کشمیریوں کا قاتل کہلاتا ہے۔ اگر عمران خان آزاد کشمیر کے حوالے سے پاکستان اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور مؤقف سے بغاوت کرے تو وہ کشمیر فروش نہیں تو اور کیا ہے؟ عمران خان کشمیر کو علیحدہ صوبہ بنانے اور اسکی جداگانہ حیثیت ختم کرکے اسے پاکستان میں شامل کرنے کیلئے ریفرنڈم کرانے کا اعلان کرے تو وہ کشمیر فروش نہیں تو اور کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان پراجیکٹ کے ڈائریکٹرز عمران خان کو پاکستان میں اسکی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں میں تبدیلی لانے کیلئے لائے ہیں۔ ہم کسی بھی صورت عمرانی ایجنڈے کی تکمیل نہیں ہونے دیں گے۔ آزاد کشمیر کے انتخابات میں 25 جولائی کے عام انتخابات میں اگر 25 جولائی 2018 کی تاریخ دہرائی گئی تو اس کے بھیانک نتائج نکلیں گے۔
مزیدخبریں