چودھری شجاعت سے کاغذ پر انگوٹھا لگوایا گیا: فواد چودھری

06:16 AM, 23 Jul, 2022

احمد علی
تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ طاقتور قوتیں ملک کیساتھ کھلواڑ مت کریں۔ عمران خان دوبارہ اقتدار نہیں بلکہ صاف اور شفاف الیکشن کا انعقاد چاہتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک پاکستان آصف زرداری کی سیاست کا کبھی متحمل نہیں ہو سکتا کیونکہ ان کے طرز سیاست سے لوگ نفرت کرتے ہیں۔ چودھری شجاعت سے کاغذ پر انگوٹھا لگوایا گیا۔ وہ تو اس وقت بیماری کی حالت میں ہیں۔ ان میں تو فیصلہ کرنے کی صلاحیت ہی محدود ہو چکی ہے۔ فواد چودھری نے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی رولنگ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوامی میڈیٹ پر ڈاکا ڈالا۔ ملک کے تمام سینئر قانونی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ ان کا اقدام غیر آئینی تھا۔ سپریم کورٹ ان کو توہین عدالت میں طلب کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سپیکر نے آئین کو ملیامیٹ کرکے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا۔ پی ٹی آئی کا کوئی دوسرا پلان نہیں ہے تاہم اس وقت ملکی نظام سے شدید مایوس اور غصے میں ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حمزہ شہباز پنجاب کے منتخب وزیراعلیٰ نہیں ہیں۔ ہم نے انصاف کے حصول کیلئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ امید ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے گا لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو عوام راستہ خود نکال لیں گے۔
مزیدخبریں