'چودھری شجاعت نے ڈپٹی سپیکر کو خفیہ طور پر خط لکھا'

06:45 AM, 23 Jul, 2022

احمد علی
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے موقع پر مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے سنسنی خیز خط کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ اس کی کسی کو کانوں کان خبر نہیں تھی۔ حتیٰ کے پارٹی کے سینئر رہنما بھی اس سے لاعلم تھے۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چودھری شجاعت نے براہ راست کسی کو اس خط سے آگاہ نہیں کیا تھا۔ مسلم لیگ ق کے کسی رکن کو اس کے بارے میں علم نہیں تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے ووٹ دینے والے اراکین بھی اس سے مکمل طور پر لاعلم تھے۔ یہی وجہ ہے کہ گذشتہ روز ایوان میں موجود لیگی اراکین شش وپنج کا شکار رہے اور کافی دیر تک کسی نے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔ تاہم بعد ازاں مسلم لیگ ق کے تمام 10 اراکین نے ایک ایک کرکے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ مسلم لیگ ق کے اراکین کی وجہ سے چودھری پرویز الٰہی کو برتری حاصل ہوئی اور انہوں نے حمزہ شہباز شریف کے 179 ووٹوں کے مقابلے میں 186 کی واضح برتری لی لیکن ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے چودھری شجاعت کے اس خفیہ خط کو بنیاد بناتے ہوئے لیگی اراکین کے تمام ووٹوں کو مسترد کر دیا تھا۔ خبریں ہیں چودھری شجاعت حسین کی جانب سے یہ خط خفیہ طور پر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کو لکھا گیا تھا جو انہوں نے ووٹنگ کے بعد عین موقع پر نکال کر سیاسی منظر نامہ ہی تبدیل کر دیا۔
مزیدخبریں