سپریم کورٹ نے ڈپٹی سپیکر کو طلب کرلیا

07:14 AM, 23 Jul, 2022

احمد علی
سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کو طلب کر لیا ہے۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی رولنگ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے لئے سپریم کورٹ نے 3 رکنی بینچ تشکیل دے دیا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں بنچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بھی شامل ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں یہ تین رکنی بنچ وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار چودھری پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کر رہا ہے۔ سماعت کے آغاز کے موقع پر چیف جسٹس نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کا حکم دیدیا چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ عدالت نے ڈپٹی سپیکر کو تمام ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان کو ذاتی حیثیت میں سننا چاہتے ہیں۔ ان کو یہاں پیش ہو کر اپنے موقف کا دفاع کرنا ہوگا۔ جسٹس عمر عطا بندیال کا ریمارکس دیتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ معاملہ تشریح سے زیادہ سمجھنے کا ہے۔ یاد رکھنا چاہیے کہ ایسے معاملات غیر تجربہ کاری سے پیش آتے ہیں۔ کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، یہ صرف ایک قانونی سوال ہے۔ عدالت عظمیٰ نے ناصرف ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کو طلب کیا بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو بھی نوٹس جاری کردیا۔ کیس کی مزید سماعت آج 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
مزیدخبریں