اڈیالہ جیل کے گیٹ پر ایک شخص نے گاڑی ٹکرا دی،مقدمہ درج

11:03 AM, 23 Jul, 2024

ویب ڈیسک: راولپنڈی اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر بیریئر توڑ کر اندر داخل ہونے والے کار سوار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مقدمے کے مطابق گاڑی میں سوار شخص کو جیل عملے کی جانب سے روکنے کی کوشش کی گئی، ملزم نے جیل عملے پر گاڑی چڑھانے اور اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔

اس حوالے سے قائم کیے گئے مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ ملزم مبشر حسین نے گاڑی کی ٹکر سے چوکی کے گیٹ کو بھی نقصان پہنچایا، ملزم نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچا کر جرم کا ارتکاب کیا۔

مقدمے کے مطابق تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے بیریئر، مرکزی گیٹ اور چوکی گیٹ کو نقصان پہنچا، ملزم مبشر حسین اور زیر استعمال گاڑی قبضے میں لے لی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پیر کی رات ساڑھے 10 بجے کے قریب تیز رفتار گاڑی اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 کو توڑتی ہوئی ڈی آئی جی آفس کے سامنے فائرنگ رینج تک پہنچ گئی تھی، اس دوران ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی عملے میں بھگدڑ مچ گئی تھی جبکہ پولیس اہلکاروں نے کار سوار ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت مبشر کے نام سے ہوئی جبکہ تعلق سمندری کے علاقے سے بتایا گیا ہے جبکہ واقعے کے وقت ملزم نشے میں دھت تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے ریورس گاڑی بیریئر اور گیٹ سے ٹکرائی، ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد پولیس چوکی اڈیالہ منتقل کر دیا گیا جس سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ اڈیالہ جیل میں ہائی پروفائل ملزمان کی موجودگی پر سیکورٹی انتظامات کو سخت کیا گیا ہے اور اطراف میں اضافی نفری میں تعینات ہے۔

مزیدخبریں