جوہر ٹاؤن دھماکہ، 12 گھنٹوں بعد دہشتگردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا
07:15 PM, 23 Jun, 2021
لاہور (پبلک نیوز) جوہرٹاؤن کی بی او آر سوسائٹی میں ہونے والی دہشتگردی کا معاملہ، دہشتگردی کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی لاہور میں درج کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سی ٹی ڈی انسپکٹرعابد بیگ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ میں 7ATA، 3/4ایکسپلوزو ایکٹ، 302، 324، 148/149 اور دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔مقدمہ میں 3 نامعلوم دہشتگردوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ متن کے مطابق دہشتگردوں نے کارروائی کے لیے گاڑی اور موٹر سائیکل کا استعمال کیا۔ دھماکہ سے تین افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوئے۔یاد رہے کہ دن 11 کے قریب حافظ سعید کی رہائش گاہ کے نزدیک دھماکہ ہوا۔ اس رہائش گاہ پر حافظ سعید نظر بند ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ نے واقعہ کا فوری بنیادوں پر نوٹس بھی لیا۔