اسجد اقبال کو پروفیشنل اسنوکر ٹور میں شامل کرلیا گیا

05:21 AM, 23 Jun, 2022

احمد علی
پروفیشنل اسنوکر کی عالمی تنظیم ورلڈ پروفیشنل بلیئرڈز اسنوکر ایسوسی ایشن ( ڈبلیو پی بی ایس اے) کے مطابق پاکستان کے کیوئسٹ اسجد اقبال کو تھائی پلیئر کے خلاف ڈسپلنری کارروائی کے بعد شامل کیا گیا۔ ڈبلیو پی بی ایس اے کی طرف سے بدھ کو جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ پروفیشنل اسنوکر کی عالمی تنظیم نے اگلے ٹوور میں تھاناوات تیراپونگ بائیبون کو نہ شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ تھائی پلیئر کے خلاف 2015 کے ٹوور سے ہی تحقیقات جاری ہیں۔ لہٰذا پاکستان کے اسجد اقبال کو تھائی پلیئر کی جگہ ہی پروفشینل ٹور میں جگہ ملی اور اسجد اقبال کو ایشیا اوشینا کیو اسکول میرٹ لسٹ کی بنیاد پر ہی ٹور میں شامل کیا گیا ۔ یاد رہے کہ اسجد اقبال نے ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ اور پاکستان کے محمد آصف نے بھی اس ایشیا اوشینا کیو اسکول ٹورنامنٹ کا فائنل کھیل کر ورلڈ پروفیشنل اسنوکر ٹور کیلئے کوالیفائی کرلیا تھا۔ پاکستان کے دو پلیئرزکیلئے ٹوور کیلئے کوالیفائی کرنے کے بعد اگلا چیلنج ٹور میں خود کو برقرار رکھنا اور تمام ٹورنامنٹس کھیلنے کیلئے فنڈز جمع کرنا ہے۔ ماضی میں بھی پاکستان کے حمزہ اکبر مناسب فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے ٹوور میں پوزیشن برقرار نہ رکھ سکے تھے ۔ پروفیشنل ٹور میں باضابطہ شمولیت کے بعد دونوں کھلاڑی ایمیچوراسنوکر کے ایونٹس کھیلنے کے اہل نہیں ہوں گے۔
مزیدخبریں