ڈالر کی قیمت میں کمی، 206 روپے 50 پیسےکا ہو گیا
07:28 AM, 23 Jun, 2022
گذشتہ روز کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر کی قیمت 211 روپے 93 تھی لیکن آج بزنس کا آغاز ہوتے ہی اس کی قیمت 209 روپے 94 پیسے تک گر گئی۔ تفصیل کے مطابق جمعرات کے روز بزنس کے آغاز پر امریکی ڈالر کی قدر میں کمی جبکہ پاکستانی روپیہ مضبوط ہوا ہے۔ آج ڈالر کی قیمت میں5 روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اگر چند روز میں پاکستان کی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) سے ڈیل ہو جاتی ہے تو امریکی ڈالر کی قیمت مزید کم ہو سکتی ہے۔ کرنسی ڈیلرز کے مطابق امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کی وجہ وفاقی وزیر خزانہ کا بیان ہے جس میں انہوں نے خوشخبری دی تھی کہ چین کی جانب سے پاکستان کیلئے دو اعشاریہ 3 ارب ڈالرز کا قرض جلد مل جائے گا۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ گذشتہ چند ہفتوں میں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائے جانے کے بعد امریکی ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح تک جا پہنچی تھی۔ پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی، درآمدات کے بڑھتے بل اور بیرونی ادائیگیوں کی وجہ سے پاکستانی کرنسی کی ویلیو میں مسلسل کمی دیکھی گئی تھی۔