ویب ڈیسک: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں افغانستان نے آسٹریلیا کو 21 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کی ہے اور گزشتہ سال انڈیا میں ورلڈ کپ کے دوران سنسنی خیز مقابلے میں شکست کا ’بہترین انتقام‘ لیا ہے۔
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ افغانستان نے عالمی مقابلوں میں آسٹریلیا کو کسی بھی فارمیٹ میں شکست دی ہے۔
گلبدین ںائب نے 20 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کر کے افغانستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اپنی شاندار پرفارمانس کے لیے وہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے سب سے قابلِ ذکر کھلاڑی گلین میکسویل رہے، انھوں نے 59 رنز بنائے مگر ان کے آؤٹ ہونے کے بعد افغانستان کے کھلاڑیوں کو اپنی جیت کا یقین ہوچکا تھا۔خیال رہے کہ گذشتہ سال ورلڈ کپ کے میچ میں میکسویل نے ڈبل سنچری بنا کر افغانستان کے خلاف اپنی ٹیم کو میچ جتوایا تھا۔سنیچر کے روز کنگس ٹاؤن میں کھیلے جانے والے سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں جب آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو افغان اوپنرز رحمان اللہ گُرباز اور ابراہیم زردان نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز مہیا کیا۔
افغانستان کی پہلی وکٹ 16ویں میں 118 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب رحمان اللہ 61 رنز بنا کر مارکس سٹوائنس کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد تو جیسے وکٹوں کا تانتا بندھ گیا اور افغانستان نے اگلی تین وکٹیں محض آٹھ رنز کے اضافے کے ساتھ گنوا دیں۔
بنگلہ دیش کے خلاف ہیٹ ٹرک کرنے والے آسٹریلوی بولر پیٹرک کمنس کا جادو ایک بار پھر سر چڑھ کر بولتا نظر آیا جب انہوں نے ایک بار پھر لگاتار تین گیندوں پر تین وکٹیں حاصل کیں۔
وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں لگاتار دو میچوں میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے جبکہ بین الاقوامی کرکٹ میں لگاتار دو میچوں میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے بولر ہیں۔ ان سے پہلے پاکستان کے وسیم اکرم نے 1999 میں سری لنکا کے خلاف لگاتار دو ٹیسٹ میچوں میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔
کمنس کی بہترین پرفارمنس کے باعث افغانستان آسٹریلیا کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دے پایا۔
آسٹریلیا کی ٹیم جب بیٹنگ کے لیے آئی تو ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی۔ پہلے ہی اوور میں نوین الحق نے آسٹریلوی اوپنر ٹریوس ہیڈ کو کلین بولڈ کر دیا۔
پاور پلے کے اختتام تک آسٹریلیا کے دونوں اوپنر سمیت تین بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے اور ایسا لگا جیسے آسٹریلیا کی کشتی پار لگانے کی ذمہ داری ایک بار پھر گلین میکسویل کے کندھوں پر آگئی۔
میچ کے دوران ایک وقت ایسا بھی آیا جب لگنے لگا کہ میکسویل شاید ایک بار پھر افغانستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیں گے۔ جیسے انہوں نے ممبئی میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ 2023 کے گروپ میچ میں 201 رنز بنا کر آسٹریلیا کو یقینی ہار سے بچا لیا تھا۔
تاہم افغانستان کو جیت یقینی اس وقت نظر آنے لگی جب 15ویں اوور میں میکسویل گلبدین ںائب کی گیند پر نور احمد کو کیچ دے بیٹھے۔ میکسویل نے تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 41 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔
ان کے علاوہ کوئی آسٹریلوی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا اور آسٹریلیا کی ٹیم آخری اوور میں 127 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
افغانستان کی جانب سے گلبدین نے 20 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں اس پرفامنس کے لیے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
آج کے میچ کے بعد گروپ اے میں انڈیا دو میچوں کے بعد 4 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرِفہرست ہے، جبکہ آسٹریلیا اور افغانستان دو دو پواِنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر ہیں۔
آسٹریلیا کا اگلا میچ انڈیا کے خلاف 24 جون کو ہے جبکہ افغانستان اپنا آخری گروپ میچ بنگلہ دیش کے خلاف 25 جون کو کھیلے گا۔