ہمیں ایک دوسرے کے مذہبی عقائد کا احترام کرنا چاہیے، کور کمانڈر بلوچستان

02:53 PM, 23 Jun, 2024

ویب ڈیسک: کور کمانڈر بلوچستان راحت نسیم احمد خان نے کہا ہے کہ ہمیں ایک دوسرے کے مذہبی عقائد کا احترام کرنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق کور کمانڈر بلوچستان کور، لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کوئٹہ میں واقع سکھ گردوارہ کا دورہ کیا، جہاں سکھ برادری نے انہیں سروبہ (چادر) پیش کی۔

اس موقع پر کور کمانڈر راحت نسیم احمد خان گردوارے میں گئے اور انہوں نے ارداس (دعا) بھی کی۔

تقریب کے دوران مختلف مذاہب کی شخصیات نے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارہ بے حد ضروری ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے مذہبی عقائد کا احترام کرنا چاہیے اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہیے۔

تقریب کے دوران لنگر تقسیم کیا گیا، جس میں تمام شرکاء نے شرکت کی اور اس موقع پر اتحاد و اتفاق کی مثال قائم کی۔

آخر میں نوجوان نے گٹکا (روایتی جنگی فن) کا مظاہرہ بھی پیش کیا جسے شرکاء نے بہت پسند کیا۔

مزیدخبریں