’’ایک قوم نہ بنتے تو پاکستان کا معجزہ کبھی ظہور پذیر نہ ہوتا‘‘
04:51 AM, 23 Mar, 2021
لاہور ( پبلک نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بحیثیت قوم ہم نے پاکستان کے موجودہ چیلنجز کو سمجھتے ہوئے ذمہ داری کا ثبوت دینا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نئے پاکستان کی بنیاد رکھ چکی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اس منزل کی جانب بڑھ رہا ہے جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا۔ 23 مارچ 1940 والے جذبے، عزم اور یکجہتی کو اپنا کر وطن عزیز کو آگے لے کر جائیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ آزادی کی تاریخ میں یوم پاکستان 23 مارچ کے دن کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ یہ ایک ایسا دن ہے جب آزاد وطن کے خواب کو عملی تعبیر دینے کی بنیاد رکھی گئی۔قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں بے شمار قربانیاں دے کر الگ وطن کی جدوجہد کامیاب ہوئی۔ برصغیر میں بسنے والی مختلف نسلیں، مختلف قبیلے اور مختلف فرقے ایک قوم بننے کا فیصلہ نہ کرتے‘ تو پاکستان کا معجزہ کبھی ظہور پذیر نہ ہوپاتا۔ قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان کا سفر بتدریج جاری ہے - اس مرحلے میں قوم کے ہر فرد کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم آزاد ہیں لیکن یہ آزادی بہت سی قربانیوں، کاوشوں اور محنتوں کا ثمر ہے۔ بحیثیت قوم ہم قائداعظمؒ اور ان کی زیر قیادت قرارداد پاکستان منظور کرنیوالے مسلم لیگ کے اکابرین کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ منٹو پارک کے تاریخی جلسے میں منظور کی جانے والی قرارداد پاکستان کے قیام کی بنیاد بنی۔ 23 مارچ کا دن جذبوں کی تعمیراور خوابوں کی تعبیر کا دن ہے۔ حصول آزادی کا سفر کبھی آسان نہیں ہوتا،پاکستان کی منزل پانے کیلئے آگ اور خون کے دریاؤں سے گزرنا پڑا۔