قائداعظم کے سنہری اصول پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے

06:09 AM, 23 Mar, 2022

احمد علی
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر پیغام میں کہا ہےکہ ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے دیئے ہوئے سنہری اصولوں ایمان ، اتحاد اورتنظیم پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب عمران خان نے 23 مارچ 2022 " یوم پاکستان " کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ تخلیق پاکستان کے حقیقی مقاصد انصاف اور مساوات پر کاربند رہنے کے ہمارے عزم کی تجدید کا دن ہے،آج ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے ان تمام رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے بے مثال قربانیوں کے ذریعے قوم کو متحد کرنے کیلئے جدوجہد کی ۔ نوجوانوں کیلئے یہ جاننا ضروری ہے کہ پاکستان ایک طویل جمہوری جدوجہد سے معرض وجود میں آیا اور اب اس کے استحکام اور ترقی کی کلید سخت محنت ، دیانتداری اور اخلاقیات میں مضمر ہے۔ یہ دن مناتے ہوئے ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے دیئے ہوئے سنہری اصولوں ایمان ، اتحاد اورتنظیم پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں خود کو ریاست مدینہ کی طرز پر ملک کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانے کیلئے وقف کرنا چاہئے۔ اس دن ہمیں بحیثیت قوم درپیش چیلنجوں کا ادراک کرنا چاہئے، ہماری حکومت نے غربت کے خاتمے اور انصاف کے فروغ کیلئے طویل المدت اصلاحات متعارف ر کرائیں اور اقدامات اٹھائے ہیں ۔ ہماری توجہ معاشرے کے نظرانداز شدہ طبقہ اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔کامیاب پاکستان پروگرام نوجوانوں، کاشتکاروں،چھوٹے کاروبار اورکم لاگت کے مکانات کے شعبہ کیلئے زبردست اقتصادی فوائد کا حامل ہے۔ قومی صحت کارڈ کے فلیگ شپ پروگرام سے تمام شہریوں کو صحت کی ہمہ گیر سہولیات فراہم ہوں گی جو ملک کی تاریخ میں ایک بے مثال پروگرام ہے۔ ہم اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کی شاہراہ پر گامزن ہیں جس میں سابقہ حکومتوں نے خلل ڈالا تھا ۔ ماضی کی حکومتوں نے قومی مفاد اورعوام کی فلاح وبہبود کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔ کرپشن کے خاتمے اور اخلاقی معیارات کو بلند کرنے کی جدوجہد کیلئے اسی جذبے کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ ہمارے آبا و اجداد نے تحریک آزادی کے دوران کیا تھا۔ میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ ہمیں پاکستان کے عظیم بانیان کے نقش قدم پرچلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ پاکستان پائندہ باد
مزیدخبریں