پنجاب الیکشن ملتوی: پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

06:49 PM, 23 Mar, 2023

احمد علی
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پنجاب میں الیکشن ملتوی کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کل چیلنج کیا جائے گا اور استدعا کی جائے گی کہ جو صدر مملکت نے 30 اپریل کی الیکشن کی تاریخ دی اس تاریخ پر الیکشن کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ گورنر کے پی غلا م علی چاہتے ہیں کہ ان پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ بنایا جائے۔ہم گورنر کے پی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پہلے ہی دائر کر چکے ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی سینیٹرز پیر کو پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن میں شرکت کریں گے۔مینار پاکستان جلسے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان میں پی ٹی آئی کا جلسہ ہونے جا رہا ہے، تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ یوم پاکستان پر آئین پاکستان توڑ کر قوم کو جو تحفہ دیا گیا اس کیخلاف ہم سپریم کورٹ سے رجوع کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سمیت 96 بارز ایسوسی ایشنز نے اس فیصلے کو مسترد کیا ہے اور اس حوالے سے وکلاء کی جو بھی تحریک چلے گی تحریک انصاف اس کا بھرپور ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایک بار سپریم کورٹ پر فزیکل حملہ ہوا، ایک بار ہی جج کو سزا بڑھانے کی کال ٹیپ ہوئی، ایک بار ہی اسمبلی بحال، ایک بار ہی سپیکر کی رولنگ مسترد ہوئی، یہ سب ان کیلئے ہوا جو آج اقتدار میں ہیں۔ ایک بار ہی ضمانت قبل از گرفتاری اتوار کو گھر بیٹھے ہوئی وہ حمزہ کی تھی۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا 5 رکنی بینچ سماعت کر رہا تھا، باہر نکل کر وزیر قانون، اٹارنی جنرل نے کہا فیصلہ 3-4 سے ہمارے حق میں آگیا ہے، 2 روحیں کہاں سے آئی؟ پھر سپریم کورٹ میں کوئی نظر ثانی کی اپیل دائر نہیں کی۔ کل ہم سمجھ رہے تھے ہمارے خلاف قرار داد آئے گی لیکن سپریم کورٹ پر حملہ کر دیا گیا۔
مزیدخبریں