الیکشن کی کال پر فری اینڈ فیئر الیکشن کروائیں گے،آئی جی پنجاب
10:34 PM, 23 Mar, 2023
لاہور: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ الیکشن کی کال پر فری اینڈ فیئر الیکشن کروائیں گے، قانون،آئین اور موجودہ پالیسی کے مطابق سیاسی ریلیوں کو تحفظ فراہم کریں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیرِصدارت پولیس لائنز میں لاہور پولیس کا اجلاس عام اور روزہ افطار، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر،ڈی آئی جی سکیورٹی کامران عادل نے شرکت کی۔ ایس ایس پی ڈسپلن،ایس ایس پی سی آئی اے،سی ٹی او لاہور، ایس ایس پیز آپریشنز،انوسٹی گیشن،ایس ایس پی ایڈمن بھی شریک ہوئے۔اس کے علاوہ ایس پیز،ایس پی ہیڈ کوارٹرز،ایس پی سکیورٹی، ڈی ایس پیز،ایس ایچ اوز، انچارچ انوسٹی گیشن ٹریفک سمیت لاہور پولیس کے تمام یونٹس کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا کہ میرا اور سپاہ کا وفا کا رشتہ ہے، مجھ میں اور میری کانسٹیبلری میں کوئی فرق نہیں، سوشل اور نیشنل میڈیا پر ہمیں اور ہمارے بچوں کو گالیاں نکالی اور دھمکیاں دی گئیں، ہم پر اپنے لوگ مروا کے قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنے کی پلاننگ کا الزام بھی لگایا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم ان الزامات اور گالیوں کا جواب کسی الزام یا گالی سے نہیں دیں گے، ہم ان تمام باتوں کا جواب شہریوں کی بہترین خدمت اور سپاہ کی مثالی ویلفیئر سے دیں گے، ہم پروفیشنلزم کے ساتھ اس صوبے اور ملک کے ایک ایک شہری کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے خطاب میں کہا کہ ہم ان تمام باتوں کا جواب شہریوں کی بہترین خدمت اور سپاہ کی مثالی ویلفیئر سے دیں گے، الیکشن کی کال پر فری اینڈ فیئر الیکشن کروائیں گے۔ آئی جی پنجاب نےسی سی پی او لاہور کو زمان پارک کی حفاظت کے لئے بہترین انتظامات کا حکم دیا، ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر کو سیاسی جماعت کے جلسے کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کا کہ قانون،آئین اور موجودہ پالیسی کے مطابق سیاسی ریلیوں کو تحفظ فراہم کریں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ الزامات لگانے والے الزامات ثابت نہیں کر سکتے تو پھر ازالہ کریں، اگر کوئی سازش کامیاب نہیں ہوتی تو صرف ٹویٹ ڈیلیٹ کرنے سے کام نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ سپاہ کے بچے میرے بچے ہیں ان کے اعلیٰ ترین علاج معالجہ کابندوبست کر رہے ہیں۔