’60 ہزار حاجیوں کی اجازت نہیں دی‘طاہر اشرفی کے بیان کی تردید
12:30 PM, 23 May, 2021
اسلام آباد (پبلک نیوز) ترجمان سعودی سفارتخانہ نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی کے بیان کی تردید کر دی ہے۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا تھا کہ سعودی حکومت کی طرف سے ساٹھ ہزار حاجیوں کو اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سعودی سفارتخانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت کی طرف سے ساٹھ ہزار حاجیوں کی اجازت دینے کے فیصلہ سے متعلق بیان درست نہیں۔ ساٹھ ہزار حاجیوں کو اجازت دینے کی تجویز ضرور ہے، فیصلہ نہیں ہوا۔ترجمان سعودی سفارتخانہ کے مطابق جب سعودی حکومت کی طرف سے حتمی فیصلہ ہوجائے گا تو پالیسی بیان جاری ہوگا۔ سعودی سفارتخانہ کی طرف سے علامہ طاہر اشرفی کے بیان کے بعد طاہر اشرفی کا مؤقف بھی سامنے آگیا۔ علامہ طاہر اشرفی نے اپنے دعوے کی بنیاد بننے والی سعودی دستاویزات میڈیا کو جاری کر دیں۔ علامہ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ وزارت صحت سعودی حکومت نے ساٹھ ہزار حاجیوں کو اجازت دینے کی تجویز دی۔ میں نے ساٹھ ہزار حاجیوں کو اجازت دینے کے فیصلے کی بات نہیں کی۔ میں نے ساٹھ ہزار حاجیوں کو اجازت دینے کی سعودی وزارت صحت کی تجویز کی بات کی۔انھوں نے کہا کہ میں نے حتمی فیصلہ جلد سامنے آنے کی بات کی۔ ابہام میرے بیان سے نہیں بعض ٹی وی چینلز کی خبروں سے پھیلا۔