راجہ ریاض مشکل میں پھنس گئے، توہین عدالت کی درخواست دائر

09:05 AM, 23 May, 2022

احمد علی
لاہور ہائیکورٹ میں قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ راجہ ریاض کیخلاف یہ درخواست ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے دائر کی ہے جس میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ راجہ ریاض نے سوشل میڈیا پر سپریم کورٹ کے ججز کیخلاف ناصرف توہین آمیز الفاظ استعمال کئے بلکہ ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس لئے عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ واضح رہے کہ 20 مئی کو سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے منحرف ممبر راجہ ریاض کو اپوزیشن مقرر کیا تھا۔ قومی اسمبلی میں 16 ارکان نے راجہ ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر حمایت کی تھی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے حکم نامے پر دستخط کئے تھے۔ کچھ دن قبل ایک ٹیلی وژن سے گفتگو میں راجہ ریاض نے کہا تھا کہ پوری قوم کو پاکستان کی صورتحال کا احساس ہے۔ تمام محب وطن حلقوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ حزب اختلاف کی جماعتیں ایوان میں اپنا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں گی۔ راجہ ریاض نے واضح کیا کہ پارلیمنٹ میں دیگر حزب اختلاف کی جماعتوں کو ہم ساتھ لے کر چلیں گے کیوںکہ پاکستان اس وقت اہم ترین عوامی اور قومی مسائل کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوان میں تنقید برائے تنقید نہیں بلکہ تنقید برائے اصلاح کے تحت مسائل اور معاملات کو اجاگر کیا جائے گا۔ میں قائد حزب اختلاف کی حیثیت سے اپنا مثبت کردار ادا کروں گا۔
مزیدخبریں