حکومت کا پی ٹی آئی کے لانگ مارچ نہ روکنے کا فیصلہ
01:16 PM, 23 May, 2022
لاہور: اتحادی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو نہ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور اتحادیوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی قانونی حدود میں رہتے ہوئے لانگ مارچ کرتی ہے تو کسی قسم کی رکاوٹ کھڑی نہیں کی جائے گی۔سابق صدر آصف علی زرداری نے اتحادیوں سے رابطہ کر کے اتفاق رائے میں اہم کردار ادا کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) نے امن و امان کی صورت حال خراب کرنے کی کوشش کی تو پھر قانونی طریقے سے نمٹا جائے گا۔اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے مارچ کو سری نگر ہائی وے تک محدود کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اور ان کا مطالبہ ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کرکے ملک میں فوری شفاف انتخابات کروائے جائیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنی جان کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، ہم کسی صورت ان کو قبول نہیں کریں گے، جتنی دیر اسلام آباد میں رہنا پڑا رہیں گے، ایکس سروس مین کو بھی اسلام آباد آنے کی دعوت دے رہا ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ اسمبلیاں توڑنا اور الیکشن کی تاریخ ہے، بار بار کہا جاتا ہے جان کو خطرہ ہے۔