فرانس سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں 40.9 فیصد اضافہ ریکارڈ
06:36 AM, 23 Nov, 2021
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فرانس میں کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں گذشتہ مالی سال کے اسی مدت کے مقابلہ میں 40.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر اکتوبر 2021 تک کی مدت میں فرانس میں کام کرنےوالے پاکستانی شہریوں نے 173.4 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں40.9 فیصد زیادہ ہے۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں فرانس میں مقیم پاکستانی ورکروں نے 83.6 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ اکتوبر کے مہینہ میں فرانس سے ترسیلات زر کا حجم 43.1 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ۔ پچھلے سال اکتوبر میں یہ حجم 33.1 ملین ڈالر تھا۔ موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے مثبت سامنے آ رہے ہیں اور جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں سمندر پارپاکستانیوں کی ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 11.9 فیصد کااضافہ ہوا ہے۔ جاری مالی سال کے دوران سمندر پار پاکستانیوں نے 10.55 ارب ڈالرکا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ حجم 9.427 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔