لانگ مارچ پر دہشتگرد حملہ ہوسکتا ہے، وزارت داخلہ کا پی ٹی آئی کو مراسلہ

02:42 PM, 23 Nov, 2022

احمد علی
اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) اسد عمر کو بھی ممکنہ خطرات سے آگاہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کو بھی مراسلہ ارسال کردیا ہے، مراسلے میں ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا حوالہ دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے خط میں کہا ہے کہ انتہا پسند جماعتیں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر دہشتگردی کا حملہ کر سکتی ہیں، حملے میں بیرونی عناصر کی جانب سے بھی کاروائی کا اندیشہ ہے ، عوامی اجتماعات کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عوامی اجتماعات میں خودکش یا بم حملہ بھی ہو سکتا ہے، پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی میں عوامی اجتماع کو موخر کرے۔
مزیدخبریں