ویب ڈیسک: تحریک انصاف کا 24 نومبر کا احتجاج،حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ہے جبکہ دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ نے چیئرمین پی ٹی آئی گوہرعلی سے رابطہ کیا اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔بیرسٹر گوہر نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی مشاورت کے بعد آپ کو حتمی رائے سے آگاہ کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف ڈی چوک میں احتجاج اور دھرنے پر بضد ہے۔حکومت نے تحریک انصاف کو احتجاج مختصر کرنے اور متبادل تجاویز بھی پیش کیں،تحریک انصاف نے حکومتی تجاویز کو یکسر مسترد کر دیا۔تحریک انصاف کو ایف نائن پارک اور شکرپڑیاں کے مقام پر دھرنے کی جگہ کی پیشکش کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے تحریک انصاف کو سنگجانی اور ترنول میں ایک دن کے احتجاج اور دھرنے کی پیشکش بھی کی،تحریک انصاف کی قیادت نے حکومتی آفرز کو مسترد کر دیا،تحریک انصاف کی مذاکرات کرنے والی قیادت نے ہاتھ کھڑے کر دیئے،ہمارے ہاتھ میں کچھ نہیں، تمام فیصلے بشریٰ بی بی اور بانی تحریک انصاف کے ہاتھ میں ہیں،تحریک انصاف کے پاس محفوظ راستہ بھی نہیں۔
ذرائع کا کہناہے کہ کرم ایجنسی واقعے کے سوگ میں احتجاج کو مختصر کرنے کا آپشن موجود ہے، بانی تحریک انصاف کو مذاکرات سے آگاہ کیا لیکن پیشکش مسترد کر دی گئی ہیں،ہمیں ہدایات ہیں کہ ہر حال میں ڈی چوک کے مقام پر دھرنہ دینا ہے۔پارٹی قیادت نے بانی تحریک انصاف سے ملاقات میں آپشن پیش کیے،بانی تحریک انصاف نے تمام آپشن کو فوری مسترد کر دیا،صوبائی حکومت کو کے پی میں احتجاج اور دھرنہ دینے کی تجویز بھی دی گئی،تمام آفرز مسترد ہونے کے بعد حکومت نے تحریک انصاف کے احتجاج سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محسن نقوی کا بیرسٹر گوہر سے رابطہ
اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا ہے،وزیرداخلہ محسن نقوی اور بیرسٹر گوہر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے آرڈر کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے پابند ہیں۔کسی جلوس،دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر کو بیلاروس کے صدر کی قیادت میں اعلی سطح کے 80 رکنی وفد کی 24 نومبرسے 27 نومبر کی مصروفیات و تفصیلات سے آگاہ کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بیلاروس کا اعلی سطح کا وفد 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچ رہا ہے،بیلاروس کے صدر 25 نومبر کو پاکستان پہنچیں گے۔بیلاروس کا وفد 27 نومبر تک اسلام آباد رہے گا۔
بیرسٹر گوہر نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی مشاورت کے بعد آپ کو حتمی رائے سے آگاہ کروں گا۔
اس بار جو اسلام آباد آئے گا بچ کر نہیں جائےگا، محسن نقوی
اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے خبردار کیا ہے کہ اس بار جو اسلام آباد آئے گا بچ کر نہیں جائےگا، آنسو گیس تو چلے گی ہی گرفتاریاں بھی کرنی ہیں۔
اسلام آباد پولیس لائنز میں سپاہیوں سے خطاب کے دوران اسلام آباد پولیس کو پکڑ دھکڑ کی ہدایت کردی اور کہا کہ اسلام آباد کو محفوظ رکھنے کے لیےٹیم کی طرح مل کر کام کرنا ہے۔