خراب موسم،محسن نقوی پاراچنارکادورہ نہ کرسکے،صوبائی وفد کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ

03:51 PM, 23 Nov, 2024

ویب ڈیسک: وزیرداخلہ محسن نقوی نےپارا چنار کا دورہ خراب موسم کے باعث ملتوی کردیا۔

تفصیلا ت کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرداخلہ محسن نقوی نےپارا چنار کا دورہ خراب موسم کے باعث ملتوی کردیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے آج ایک روزہ دورے پر پارا چنار جانا تھا۔ وزیرداخلہ موسم کی خرابی کے باعث آج پارا چنار نہیں جا سکیں گے۔

ادھر خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کی تحصیل پارا چنار میں 21 نومبر کو مسافر گاڑیوں کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں 42 اموات کے بعد علاقے میں احتجاج جاری ہے جس کے بعد صوبائی حکومت کے وفد کو امن و امان کی بہتری کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔

ہفتے کو صوبائی محکمہ اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، کمشنر کوہاٹ ڈویژن، ڈی آئی جی کوہاٹ اور ڈی پی او سمیت دیگر اعلی افسران پر مشتمل وفد کرم کے حالات کا جائزہ لینے اور امن و امان کی بحالی کے لیے جرگے کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے کرم روانہ ہو گیا۔

تاہم کرم پہنچنے سے پہلے ہی سرکاری وفد کے ہیلی کاپٹر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، فائرنگ سے ہیلی کاپٹر میں سوار افراد محفوظ تو رہے لیکن ہیلی کاپٹر کی حفاظتی لینڈنگ کرنا پڑی،

پارا چنار میں تین روزہ سوگ کے اعلان کے سلسلے میں آج مارکیٹیں تیسرے روز بھی بند ہیں۔ پاراچنار کے داخلی راستے پر گذشتہ روز بابِ کرم کے نام سے سڑک پر بنے ایک دروازے کو مظاہرین کی جانب سے جلایا گیا۔

 گزشتہ روز شام کے وقت کچھ مظاہرین نے مرکزی بگن بازار میں دکانوں اور قریبی گھروں  کو آگ لگائی تھی۔

 یادرہے گزشتہ  جمعرات کے روزخیبر پختونخوا کے ضلع لوئر کرم کے علاقے اوچت میں پولیس کے مطابق تقریباً 200 مسافر گاڑیوں کے کانوائے پر نامعلوم مسلح افراد نےاچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں پانچ خواتین سمیت 42 افراد جان سے گئے اور 19 زخمی ہوئے۔

مسافر گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کے بعد ٹل-پاڑہ چنار روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں موبائل سگنلز اور انٹرنیٹ بھی متاثر ہیں۔

مزیدخبریں