سموگ کی صورتحال کے تناظر میں اس ہفتے بدھ کو چھٹی نہ کرنے کا فیصلہ
07:11 PM, 23 Oct, 2023
لاہور:نگران پنجاب حکومت کی جانب سے ائیر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کی بنیاد پر فی الحال بدھ کو چھٹی نہ کرنے پر اتفاق کیاگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت انسداد سموگ اقدامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء نے شرکت کی۔ ائیر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کی بنیاد پر فی الحال بدھ کو چھٹی نہ کرنے پر اتفاق کیاگیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ کودھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔ محسن نقوی نے کہا کہ سموگ کا سبب بننے والے اینٹوں کے بھٹوں اور فیکٹریوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ مقررکردہ مقدار سے زیادہ دھواں چھوڑنے اور ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کو سیل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن کاحکم بھی دیا گیا، غیر معیاری فیول فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔ نگران وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کو سڑکوں پر گرد بٹھانے کے لئے تسلسل کے ساتھ پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے۔ تعمیراتی سرگرمیوں کیلئے ریت اوربجری کو ڈھانپنا اور پانی کا چھڑکاؤ کرنا لازمی ہوگا، سموگ کا سبب بننے والے اقدامات پر قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تمام متعلقہ محکمو ں کو اے کیو آئی کنٹرول کے لئے موثر اقدامات کاحکم بھی دیا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، منصور قادر،ڈاکٹر جمال ناصر،بلال افضل، ابراہیم حسن مراد، مشیر کنور دلشاد نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹریززراعت، صحت، خزانہ، ماحوالیات، تعمیرات و مواصلات، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، سکول ایجوکیشن، صنعت،کمشنر لاہو رڈویژن او رماحولیاتی ماہرین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔