ویب ڈیسک: لاہور میں فضائی آلودگی کے باعث سکول کے اوقات میں تبدیلی کر دی گئی۔
محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کی جانب سے متعلقہ اداروں کو فضائی آلودگی میں اضافے کے پیش نظر ضروری اقدامات کیلئے ہدایات کی گئی ہیں۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق بچوں کیلئے سکول صبح 8 بجکر 45 منٹ پر کھلیں گے، سکول کھلنے کا نیا وقت 28 اکتوبر تا 31 جنوری 2025ء تک رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بچوں کی اسمبلی کلاس روم میں ہوگی اور ہر قسم کی آؤٹ ڈور سرگرمیاں معطل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور میں 31 جنوری 2025ء تک ہر قسم کی آتشبازی پر بھی سخت پابندی ہوگی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عوام سموگ سے بچنے کیلئے ماسک اور دیگر حفاظتی تدابیر اختیار کریں، گھروں کی کھڑکیاں، دروازے بند رکھیں اور زیادہ دیر کھلی جگہوں پر نہ رہیں۔
اس حوالے سے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ سموگ میں کمی کیلئے تمام افراد حکومت کا ساتھ دیں اور ہر قسم کے دھویں کی فوری اطلاع 1373 پر کریں، ای پی اے فوری کارروائی کرے گا۔
مریم اورنگزیب نے اپیل کی کہ شہری اپنی گاڑیوں کی فوری فٹنس کروائیں اور سموگ میں مزید اضافہ نہ کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ 4 روز سے لاہور آلودگی کے اعتبار سے دنیا بھر کے شہروں میں پہلے یا دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔