پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری

03:02 PM, 23 Oct, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اہم اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ 

اعلامیے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے بانی پی ٹی آئی اور ان  کی اہلیہ کی ملاقاتوں پر عائد غیرقانونی پابندی کے خاتمے اور ملاقاتوں کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں بانی چیئرمین کی جیل سے رہائی کی جامع حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔ 

پرزور عوامی احتجاج سمیت ملک گیر تحریک کی منصوبہ بندی اور تیاریوں کیلئے ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل پر اتفاق کیا گیا۔

محترمہ علیمہ خانم، عظمیٰ خانم، اعظم سواتی اور انتظار حسین پنجوتھہ ایڈووکیٹ سے روا رکھی جانے والی سفّاکیّت کی شدید مذمت اور ان کی فوری رہائی کا پوری شدت سے مطالبہ کیا گیا۔ 

نامکمل ایوانوں سے چھبّییسویں آئینی ترمیم کی جبر، فسطائیت اور ہارس ٹریڈنگ جیسے کالے ہتھکنڈوں کے ذریعے منظوری کی شدید مذمت کی گئی۔ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی و سینٹ کو شوکاز نوٹسز کے اجراء کے سیاسی کمیٹی کے فیصلے کے مکمل توثیق کی گئی۔ 

جبر و فسطائیت اور لالچ اور ضمیر فروشی کی ترغیبات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور بانی پی ٹی آئی سے وفا نبھانے والے اراکین قومی اسمبلی اور سینٹ کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ 

چھبّیسویں آئینی ترمیم کو عدالت کے روبرو چیلنج کرنے کے قانونی امکانات کے جائزے اور لائحۂ عمل کی تیاری کا کام لیگل کمیٹی کے سپرد کردی گئی۔ 

سیاہ آئینی ترمیم کے بعد چیف جسٹس کی نامزدگی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے خصوصی اجلاس کے بائیکاٹ کے فیصلے کی بھی توثیق اور اس پر سیاسی کمیٹی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ 

کورکمیٹی کا اجلاس ہفتہ وار بنیادوں پر جمعتہ المبارک کے روز منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ سیاسی کمیٹی ہفتے میں دو مرتبہ سوموار اور بدھ کے روز اپنے اجلاس منعقد کرے گی۔

مزیدخبریں