پی سی بی کا قائداعظم ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کردیا

04:13 PM, 23 Oct, 2024

محمد شکیل خان

(ویب ڈیسک ) محمد شکیل خان : پی سی بی نےسب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ  قائد اعظم ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔16 ریجنز کی 18 ٹیمیں  تین گروپس میں تقسیم کی گئیں۔ لاہور  سمیت 6 شہر قائداعظم ٹرافی کے 45 گروپ میچز کی میزبانی کریں گے۔

قائداعظم ٹرافی میں کراچی ریجن وائٹس پشاور ریجن کے خلاف 26 اکتوبر سے ٹائٹل کے دفاع کا آغاز کرے گی۔ شیڈول کے مطابق  ہرگروپ کی ٹاپ ٹیم ٹرائنگولر مرحلے میں کوالیفائی کرے گی جبکہ سہ فریقی مرحلے میں  ہر گروپ سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم دو میچ کھیلے گی۔ ٹاپ کی  دو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جو 14 سے 18 دسمبر تک ہونا ہے۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ نے قائداعظم ٹرافی کی مجموعی انعامی رقم  ایک کروڑ چھبیس  لاکھ روپے رکھی ہے۔ فاتح ٹیم کو 75 لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ ٹیم کو چالیس لاکھ روپے ملیں گے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی  نے کہا کہ  قائداعظم ٹرافی پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔ذاتی طور پر تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ٹورنامنٹ کے انتظامات اعلیٰ معیار کے ہوں۔ یہ ٹورنامنٹ نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنےکا موقع فراہم کرتاہے۔

 چیئر مین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اس سال قائداعظم ٹرافی کی 8 سے 18 ٹیموں تک توسیع سے ٹیلنٹ پول میں اضافہ ہوگا۔ قائد اعظم ٹرافی کے گروپ اے  میں  ایبٹ آباد ریجن، فیصل آباد ریجن، حیدرآباد ریجن، اسلام آباد ریجن، لاہور ریجن وائٹس اور لاڑکانہ ریجن شامل ہیں۔ گروپ بی میں اے جے کے ریجن، بہاولپور ریجن، کراچی ریجن وائٹس، ملتان ریجن، پشاور ریجن اور راولپنڈی ریجن  جبکہ گروپ سی میں ڈیرہ مراد جمالی، فاٹا ریجن، کراچی ریجن بلوز، لاہور ریجن بلوز، کوئٹہ ریجن اور سیالکوٹ ریجن شامل ہیں۔ہر ٹیم گروپ مرحلے میں پانچ میچ کھیلے گی۔

مزیدخبریں