قاضی فائز عیسیٰ صاحب اب آپ گھر جائیں کافی پئیں اور ڈونٹس کھائیں، عمر ایوب

06:09 PM, 23 Oct, 2024

(ویب ڈیسک ) اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ مشورہ دیا ہے کہ اب آپ گھر جائیں کافی پئیں اور ڈونٹس کھائیں۔

عمر ایوب نے راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ   بشریٰ بی بی کی نہ روبکار جاری ہو رہی ہے اور نہ مچلکے جمع ہو رہے ہیں، انہیں غیر قانونی جیل میں رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کنفرم ہوگئی ہے، بدقسمتی سے ٹرائل جج صاحب اپنی کرسی پر موجود نہیں، آج جو رہائی ہونی تھی وہ ممکن نظر نہیں آرہی۔ ہمیں معلوم ہے یہ سب کہاں سے کنٹرول ہو رہا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ   بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں، ان کے خلاف کیسز جھوٹے ہیں۔ ان کا ایک دن بھی جیل میں رہنا قانون کے منافی ہے،   بانی پی ٹی آئی کو بھی ناجائز جیل میں رکھا گیا ہے، علیمہ خان اور عظمی خان کو بےگناہ جیلوں میں رکھا گیا ہے، یاسمین راشد، محمودالرشید سمیت 1600 لوگوں کو بھی غیرقانونی قید میں رکھا ہوا ہے۔

عمر اویب نے کہا کہ  ناانصافی کا جواب انہیں دینا ہوگا۔ یہاں جج غائب ہیں اس کا مطلب آئین و قانون نہیں۔  ہمارے وکلا عدالت میں موجود ہیں، جج صاحب غائب ہیں۔ ڈیوٹی جج صاحب بھی نہیں ہیں۔ ججز صاحبان کو کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد غائب ہوجاؤ۔

انہوں ن کہاکہ  26ویں آئینی ترمیم بھونڈے طریقے سے منظور کروائی گئی ہے۔ ہمارے 5 اراکین کو اغوا کرکے ان سے ووٹ لیا گیا۔ عوام کے ساتھ یہ فراڈ کب تک چلے گا؟ لوگوں کو دھونس دباؤ کے طریقے سے اٹھایا گیا۔ خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے جو مسودہ فائنلائز کیا انہیں بھیں نہیں معلوم کیا مسودہ تھا۔ جس طرح آئین سازی ہوئی اس کی مذمت کرتے ہیں۔

عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ  نئے چیف جسٹس کے سامنے مخصوص نشستوں کا کیس اٹھائیں گے۔ نئے چیف جسٹس کے سامنے اپنے کیسز لے کر جائیں گے۔ قاضی فائز عیسیٰ صاحب اب آپ گھر جائیں، کافی پئیں اور ڈونٹس کھائیں۔

مزیدخبریں