عمران خان پر حملے کے مرکزی ملزم نوید کی درخواست ضمانت مسترد

09:21 PM, 23 Oct, 2024

ویب ڈیسک: عمران خان پر حملے کے مرکزی ملزم نوید کی درخواست ضمانت مسترد،لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی پر حملہ کیس کے مرکزی ملزم نوید کی درخواست ضمانت مسترد کی۔

جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نوید کی درخواست ضمانت کی سماعت کی،پراسیکیوٹر نے دلائل دیے کہ ملزم مقدمے میں نامزد اور موقع سے گرفتار ہوا، اس کی شناخت فوٹیجز میں بھی ہوئی جبکہ گواہان بھی موجود ہیں، ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں عدالت درخواست ضمانت مسترد کرے۔

ملزم نوید کےوکیل میاں داؤد نے دلائل دیے کہ ملزم نوید موقع پر موجود نہیں تھا، پولیس نے نام بلاجواز مقدمے میں شامل کیا، عینی شاہدین نے نامعلوم ملزم کے بارے میں بتایا جبکہ ٹھوس شواہد بھی موجود نہیں، عدالت ناکافی ثبوتوں کی بناء ہر ملزم کی ضمانت منظور کرے،ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی پر حملہ کیس کے مرکزی ملزم نوید کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

واضح رہے کہ نومبر 2022 میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران پنجاب کے علاقے وزیر آباد میں مسلح شخص کی فائرنگ سے سابق وزیر اعظم عمران خان اور سینیٹر فیصل جاوید سمیت متعدد رہنما زخمی اور ایک کارکن جاں بحق ہوگیا تھا۔

مزیدخبریں