بھارتی لڑکی کی پاکستان آکرلاہور کے لڑکے سے شادی

11:04 PM, 23 Oct, 2024

ویب ڈیسک: ابھی بی جے پی رہنما کے بیٹے کے لاہوری لڑکی سے آن لائن نکاح کی بازگشت تھمی نہ تھی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پروان چڑھنے والی ایک اور محبت کی داستان منظر عام پر آگئی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والی مسلمان خاتون نے تنہا پاکستان آکر اپنے پسندیدہ شخص سے نکاح کر کے اپنی محبت حاصل کر لی ہے،ندا نامی خاتون بھارتی ریاست بھوپال سے لاہور آئیں اور یہاں  پاکستانی شہری فہد سے کورٹ میرج کر لی،ندا اور فہد کی شادی سیشن کورٹ میں ہوئی۔

 دونوں کا رابطہ سوشل میڈیا پر ہوا تھا، مسلسل رابطے کے بعد دونوں ایک دوسرے سے پیار کرنے لگے، اور آخر کار ندا نے پاکستان آ کر فہد سے نکاح کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

انہوں نے پاکستان آنے کے انتظامات کیے اور 16 اکتوبر کو پاکستان پہنچ کر سوشل میڈیا کی دوستی کو رشتے میں بدل دیا، دونوں کا نکاح لاہور ہائی کورٹ کے وکیل علی اکبر ملک نے کروایا۔

ندا نے گریجویشن تک تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور وہ بھارت میں بچوں کو ٹیوشن پڑھاتی تھیں جبکہ فہد لاہور میں ایک نجی کمپنی کے میں ملازمت کرتے ہیں۔

ندا اور فہد کی دوستی سوشل میڈیا پر ہوئی تھی جہاں انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ جینے مرنے کی قسمیں کھائیں، وکیل کے مطابق فہد نے باقاعدہ کورٹ میرج کے بعد ضروری دستاویزات کے حصول کے لیے پاکستان میں اپنی یونین کونسل کا رخ کیا۔

ندا نے کورٹ میرج کے وقت گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’میں ہمیشہ پاکستان آنا چاہتی تھی، مجھے یہ ملک بہت پسند ہے، میں اپنے شوہر سے بہت پیار کرتی ہوں اور ہمیشہ ان کے ساتھ رہنا چاہتی ہوں۔‘

 اس وقت ندا اپنے شوہر فہد کے ہمراہ لاہور میں موجود ہیں اور وہ ان کے ساتھ خاندان میں ہونے والی تقریبات میں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

فہد کے خاندانی ذرائع کے مطابق دونوں میاں بیوی کو دیکھنے کے لیے مہمان بھی آ رہے ہیں اور ان کو ہر جگہ سے مبارک باد کے پیغامات بھی موصول ہو رہے ہیں۔


 

مزیدخبریں