حکومت کے مسلسل غلط اقدامات نے معاشی تباہی، بے روزگاری اور مہنگائی کو جنم دیا

10:00 AM, 23 Sep, 2021

شازیہ بشیر
لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ بدترین مہنگائی میں کمی بے فائدہ اور نمائشی اجلاس بلانے سے نہیں، صرف ٹھوس اقدامات سے ہی ممکن ہے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں 52 روپے فی کلو ملنے والی چینی کی قیمت میں موجودہ حکومت نے 52 روپے سے زائد اضافہ کیا، یہ ہے نیا پاکستان۔ ہمارے دور میں 35 روپے فی کلو ملنے والے آٹے کی قیمت میں موجودہ حکومت نے 75 روپے سے اوپر پہنچا دیا۔ انڈے، گوشت، مرغی، دال، گھی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصالحہ جات سے لے کر عوام کی خوراک کی تمام بنیادی اشیاء مہنگا کر کے وسائل جمع کرنا ظلم، ظلم اور بدترین ظلم ہے۔ معاشی تباہی، بے روزگاری اور بدترین مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ نااہل حکومت اور اس کی چوریاں ہیں۔ حکومت کے مسلسل غلط معاشی اقدامات نے معاشی تباہی، بے روزگاری اور مہنگائی کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے کہا پوری قوم ظالم حکومت کے ظلم سے نجات کی دعائیں مانگ رہی ہے۔
مزیدخبریں