کراچی: پی آئی اے کی ائیرپورٹ سروسز روکنے کا فیصلہ

10:30 AM, 23 Sep, 2021

شازیہ بشیر
کراچی ( پبلک نیوز) قومی ائیرلائن کے لئے نئی مشکل، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واجبات کی ادائیگی تک پی آئی اے کی ائیرپورٹ سروسز روکنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی اور قومی ایئرلائن کے درمیان تنازع کھڑا ہو گیا۔ سی اے اے نے پی آئی اے کی ائیرپورٹ سروسز روکنے کا فیصلہ کر لیا۔ مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی آئی اے کو یکم نومبر سے مسافروں کو جہاز میں سوار کرنے کے لئے بورڈنگ بریج کی سروس فراہم نہیں کی جائے گی۔ پی آئی اے کے جہازوں کے لئے پاور سپلائی بھی حاصل نہیں ہو گی۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے سی اے اے کے 127 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ پی آئی اے پر مسافروں سے ایئرپورٹ چارجز خود وصول کرنے پر بھی پابندی لگا دی گئی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی مسافروں سے خود ایئرپورٹ چارجز وصول کرے گی۔ پابندی کے باوجود جو مسافر یکم اکتوبر سے پی آئی اے کو ایئرپورٹ چارجز ادا کریں گے ان سے سی اے اے بھی لازمی سروس چارجز وصول کرے گی۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق سی اے اے کو وعدے کے مطابق پی آئی اے نے رواں سال مئی سے واجب الادا رقم ماہانہ 25 کروڑ روپے کی قسط کی صورت میں ادا کرنے تھے۔ وعدے کے باوجود پانچ ماہ بعد بھی صرف 55 کروڑ روپے ہی ادا کیے گئے۔
مزیدخبریں