الیکشن رولز میں ترامیم، امیدواروں کے الیکشن اخراجات کے لیے بینک اکاونٹس سے متعلق رولز تبدیل
05:49 PM, 23 Sep, 2023
الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے الیکشن اخراجات سمیت متعدد رولز میں تبدیلیاں کر دیں ہیں. الیکشن کمیشن نے الیکشن رولز میں 23 نئی ترامیم تجویز کر دیں، الیکشن رولز کی 18 شقوں میں تبدیلی کی گئی ہے، امیدواروں کے لیے الیکشن اخراجات کے لیے بینک اکاونٹس سے متعلق رولز تبدیل کر دیئے گئے۔نئے رولز کے مطابق امیدوار کو انتخابی اخراجات کے لیے الگ بینک اکاونٹ کھولنا ہو گا۔ مشترکا اکاونٹ قابل قبول نہیں ہو گا اور بینک اکاونٹ کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے پہلے کھولنا ہو گا۔ امیدوار انتخابی مہم پر مالی اخراجات کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کا پابند ہو گا۔ ریٹرننگ افسر امیدوار کو ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے آفس میں رزلٹ فراہم کرے گا اور رات 2 بجے تک رزلٹ میں تاخیر پر آر او فوری الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے گا ۔ تاخیر کی وجوہات بھی بتائے گا، آر او امیدواروں کی موجودگی میں رزلٹ حوالے کرے گا۔ رولز کے مطابق انتخابات سے متعلق پیٹیشن ایک لاکھ روپے کے عوض فائل کی جا سکے گی، الیکشن کمیشن کیس پر 180 روز میں فیصلہ سنائے گا۔ دوران سماعت التوا مانگنے پر 10 ہزار سے 50 ہزار جرمانہ کیا جائے گا، 3 روز سے زیادہ کا التوا نہیں ملے گا اور الیکشن کمیشن کے جرمانے حکومتی خزانے میں جمع ہوں گے۔