صدرمملکت،وزیراعظم سمیت دیگرسیاسی شخصیات کاسعودی عرب کے 94 ویں قومی دن پرمبارکباد

01:07 PM, 23 Sep, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان کے صدرمملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم شہباز شریف،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت دیگرسیاسی شخصیات نے سعودی عرب کے قومی دن پر مبارکباد دی اور کہا کہ کہ ’شاہ سلمان بن عبد العزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب اکیسویں صدی کے عظیم ملک کی حیثیت سے اُبھرا ہے۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ سعودی عرب کا وژن 2030 دنیا بھر کے لیے مثالی نمونہ ہے۔آج کے دور میں سعودی عرب کاروبار، ٹیکنالوجی، معیشت اور دیگر شعبوں میں ترقی پزیر ممالک کی مثالی قیادت کر رہا ہے۔ پاکستان کی معیشت کے حالیہ استحکام میں سعودی عرب کے تعاون کے لیے پوری قوم مشکور ہے۔ 

مریم نواز شریف

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سعودی عرب کے 94ویں قومی دن پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے سعودی عرب کے عوام کو خصوصی مبارکباد  دی ہے اور وزیراعلی مر یم نواز نے خادم حرمین شریفین،شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزکو قومی دن پر مبارکباد  دی۔

مریم نوازشریف  نے کہاکہ سعودی عرب ہر پاکستانی کے دل میں بستا ہے، پاکستان او ر سعودی عرب عقائد، ثقافت او روایات کی بنیاد پر ایک دوسرے سے جڑے ہیں،پاک سعودی باہمی تعلقات کی مضبوط بنیاد حرمین شریفین کا احترام اور عقیدت ہے،سعودی عرب پاکستان کے لئے روحانی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے سعودی عرب کے 94ویں قومی دن پر ”ہم خواب دیکھتے ہیں او رہم حاصل کرتے ہیں“ ویژن کو بھی سراہا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی سعودی عرب کے قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات، دوستی، محبت اور بھائی چارے کی اعلیٰ مثال ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان، شاہی خاندان اور سعودی عرب کے عوام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’حجاز مقدس مسلمانوں کی عقیدت کا محور اور روحانیت کا بنیادی مرکز ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے عوام مذہبی اور برادرانہ رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں،سعودی عرب نے پاکستان کا ہمیشہ مشکل وقت میں ساتھ دیا،انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ قیادت کی سربراہی میں سعودی عرب نے ترقی کی نئی منازل طے کی ہیں۔اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے سعودی عرب کے شاہی خاندان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق 

قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے سعودی عرب کے قومی دن پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کی ہےاور کہا کہ آج کا دن سعودی عرب کی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے۔سعودی عرب نے قلیل عرصے میں ترقی اور استحکام کے سفر میں نمایاں منازل طے کی ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ’ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد اور  اسلامی بھائی چارے پر مبنی ہیں، پاکستان کی عوام سعودی عرب کے ساتھ گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کی خوشیوں میں برابر کا شریک ہے، دونوں برادر ممالک کی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

مزیدخبریں