سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں  63 رنز سے  شکست دیدی 

05:20 PM, 23 Sep, 2024

(ویب ڈیسک )  گالے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری دن سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو 211 رنز پر آل آوٹ کرکے میچ کو 63 رنز سے جیت لیا ہے۔ یہ سری لنکا کی ایک ماہ کے اندر دوسری بڑی جیت ہے۔ اس سے قبل انھوں نے اوول ٹیسٹ میں انگلینڈ کو شکست دی تھی۔

سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان گالے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے مہمان کو 63 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

بائیں ہاتھ کے اسپنر پرباتھ جے سوریا نے پانچ وکٹیں لے کر سری لنکا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ فتح کے لیے 275 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ، راچن رویندرا کے شاندار 92 رنز کے باوجود 211 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کو آخری دن یادگار جیت کے لیے 68 رنز درکار تھے اور ان کے صرف دو وکٹیں باقی تھیں، لیکن سری لنکا نے صرف چار اوورز میں ہی میچ ختم کردیا۔ نیوزی لینڈ کے جیتنے کے امکانات آخری دن کے دوسرے اوور میں ختم ہو گئے تھے جب جے سوریا نے رویندرا کی شاندار اننگز کا خاتمہ کردیا، جس میں نو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

جے سوریا نے آٹھویں مرتبہ پانچ وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، جبکہ سات مرتبہ انھوں نے گالے اسٹیڈیم پر ہی یہ کارنامہ انجام دیا۔ میچ جیتنے کے لیے اس ماہ کے شروع میں اوول میں ٹیسٹ میچ میں فتح کا حوالہ دیتے ہوئے سری لنکا کے کپتان دھننجایا ڈی سلوا نے کہا کہ انگلینڈ میں جیت نے ہمارے حوصلے بلند کیے، ہمارے پاس ٹیسٹ جیتنے کی صلاحیت ہے اور لڑکے اب ڈیلیور کر رہے ہیں۔

جے سوریا کے میچ میں کل نو وکٹیں لینے پر انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا، جبکہ رمیش مینڈس نے دوسری اننگز میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ بھی گالے میں ہی 26 ستمبر سے شروع ہوگا۔

ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں سری لنکا تیسری نمبر پر پہنچی

بھارت کی بنگلہ دیش اور سری لنکا کی نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار فتح کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) پوائنٹس ٹیبل میں بڑا ردوبدل ہوا ہے۔ بھارت ڈبلیو ٹی سی کے پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہے۔ جبکہ سری لنکا نے پہلے ہوم ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے کے اپنے امکانات مضبوط کر لیے ہیں۔

بھارت نے اب تک کل دس ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جس میں سے اس ے 86 پوائنٹس ہیں اور 71.67 فیصد میچ جیتنے کا پوائنٹس ہے۔ جبکہ بنگلہ دیش شکست کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل میں چھٹے نمبر پر چلا گیا ہے۔

دریں اثنا، سری لنکا نے پہلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی جیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ دھننجے ڈی سلوا کی ٹیم کی جیت کا فیصد اب 50 فیصد تک پہنچ گیا ہے، جس سے وہ فائنل میں جگہ کے لیے ٹاپ ٹیموں کو چیلنج کرنے کے لیے مضبوط پوزیشن میں ہیں۔

سری لنکا کی اس جیت نے انہیں WTC فائنل میں جگہ بنانے کا مضبوط دعویدار بنا دیا ہے، انہیں اب جنوبی افریقہ کے خلاف کلین سویپ کی ضرورت ہوگی اور اس کے بعد فائنل میں جگہ بنانے کے لیے آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں 2-0 سے جیت درج کرنی ہوگی۔

مزیدخبریں