محکمہ صحت کے مطابق لاہور کے سروسز ہسپتال، کوٹ خواجہ سعید اور یکی گیٹ کے آئی سی یوز 100فیصد بھر گئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق لاہور کے میو ہسپتال کا آئی سی یو 98 فیصد بھر گیا ہے، میواسپتال کے 84 میں سے 82 وینٹی لیٹرز پرمریض زیر علاج ہیں۔ لاہور کے ہسپتالوں میں 255 میں سے 220 وینٹی لیٹرز پر مریض زیرعلاج ہیں۔ دوسری جانب آکسیجن بنانے والی کمپنیوں نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں بھی کورونا کے مریضوں کو آکسیجن کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ٗ کورونا کیسز بڑھنے کی شرح کے مطابق اگر اسی طرح صنعتوں کو آکسیجن کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہا تو صحت کا شعبہ متاثر ہو سکتا ہے۔
آکسیجن بنانے والی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ کورونا کی یہی صورتحال رہی تو پاکستان میں خدانخواستہ بھارت جیسی بھی ہو سکتی ہے ٗ آکسیجن پیدا کرنے کیلئے پلانٹس کو بلاتعطل بجلی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ٗ یہ ضروری ہے کہ تمام پلانٹس پوری صلاحیت سے آکسیجن پیدا کریں ٗ تو وہ صحت کے شعبہ کی ضرورت پوری کی جا سکتی ہے ۔یاد رہے کہ این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور کورونا کے مریضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے ٗ اسی سلسلہ میں این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ ہدایت نامہ کے بعد اسلام آباد میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے اور عید الفطر تک تمام سرکاری تعلیمی ادارے بھی بند کردئیے گئے ہیں۔