وزیراعلی کا الیکشن کالعدم قراردیاجائے ، گورنر کی سفارش

09:48 AM, 24 Apr, 2022

احمد علی
لاہور:صدر مملکت کو بھجوائی جانے والی رپورٹ میں گورنرپنجاب نے سفارش کی ہے وزیراعلی کا الیکشن کالعدم قراردیاجائے ۔ تفصیلات کے مطابق گورنرپنجاب کی وزیراعلی کے انتخاب بارے تحفظات پر مبنی رپورٹ صدرمملکت کو موصول ہوگئی ہے، گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے صدر مملکت کو چھ صفحات پر مبنی رپورٹ ارسال کی۔ گورنر نے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں وزیراعلی کے انتخاب کی آئینی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی۔ گورنر پنجاب نے رپورٹ میں کہا ہے کہ وزیراعلی کا انتخاب آئین اور قانون کے مطابق نہیں ہوا ۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وزیراعلی کے انتخاب کی ووٹنگ کا ریکارڈ ٹیمپرڈ ہے ، پولیس کو خلاف رولز ایوان میں داخل کیاگیا، ارکان اسمبلی کوووٹ دینے سے روکا گیا ۔ رپورٹ کا متن ہے کہ ووٹنگ آئین کے سیکینڈ شیڈول کے منافی طریقہ کار اختیار کرکے کروائی گئی ، ووٹنگ میں سیکنڈ شیڈو ل کو نظر انداز کیاگیا، رولز 21 رولز آف بزنس کے مطابق سپیکر نے نتائج سے آگاہ کرنا ہوتاہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گور نر کا وزیراعلی کے انتخابی عمل سے مطمئن ہونا ضروری ہوتاہے، عثمان بزدار کا استعفی بھی متنازعہ ہے آئین کے آرٹیکل 130 سب سیکشن آٹھ کی خلاف ورزی کی گئی ، گورنر آفس کو وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کا استعفی کبھی موصول نہیں ہوا۔گورنر کوجب استعفی موصول ہی نہیں ہوا تو اسکو منظور کیسے کرسکتاہے۔ رپورٹ میں گورنر پنجاب نے سفارش کی ہے کہ وزیراعلی کا الیکشن کالعدم قراردیاجائے ۔گورنر پنجاب نے صدر مملکت سے درخواست کی ہے کہ بیان کردہ حقائق کی روشنی میں میری آئینی طورپر رہنمائی کی جائے ، مجھے تجویز کیاجائے کہ اس صورتحال میں مجھے کیا اقدامات کرنے چاہیے۔
مزیدخبریں