وزیراعظم کا لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم

11:23 AM, 24 Apr, 2022

احمد علی
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے اور عوام کی مشکلات پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے مئی کے مہینے تک لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم دے دیا ہے، وزیراعظم نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی سخت ہدایت کردی ہے۔ وزیر اعظم نے واضح ہدایت دی کہ عوام کو جب تک اس عذاب سے نجات نہیں ملتی نہ خود چین سے بیٹھوں گا نہ کسی کو بیٹھنے دوں گا۔سابق حکومت کی مجرمانہ غفلت کی پیدا کردہ تکلیف سے شہریوںکو بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ تیل وگیس کا بندوبست ہونے تک عبوری اقدامات کو بہتر بنایا جائے،نوازشریف حکومت نے ملک میں اضافی بجلی کی وافر مقدار فراہم کی تھی، عمران حکومت نے ایک نیا یونٹ شامل نہیں کیا، بروقت ایندھن خریدا گیا، نہ کارخانوں کی مرمت کی گئی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران حکومت نے ہمارے دور کے سستی اور تیز ترین بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ بند کئے ،مہنگی اور کم بجلی بنانے والے کارخانے استعمال کئے گئے،اس ظلم کی قیمت قوم کوہر ماہ 100 ارب روپے کی شکل میں ادا کرنا پڑرہی ہے،6 ارب میں ایل این جی کا جو ایک جہاز مل رہا تھا، وہ قوم کو20 ارب میں پڑ رہا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ عمران حکومت کا یہ ظلم قوم کو اس سال 500 ارب سے زائد میں پڑے گا، توانائی کے شعبے کی تباہی کرکے پاکستان کی معیشت دیوالیہ کرنے کی سازش کی گئی ہے۔
مزیدخبریں