جنگ زدہ سوڈان سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کا پلان کامیاب

04:12 PM, 24 Apr, 2023

احمد علی
اسلام آباد: وزیر اعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ جنگ زدہ سوڈان سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کا پلان کامیاب ہوگیا ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس اعلامیے کے مطابق 72 گھنٹے سے جاری خصوصی ہنگامی پلان کی نگرانی براہ راست وزیراعظم شہباز شریف خود کر رہے تھے۔ 427 پاکستانی بحفاظت پورٹ سوڈان پہنچ گئے جہاں سے وہ پاکستان پہنچیں گے، ان 427 پاکستانیوں کی رہائش ، خوراک کا انتظام بھی حکومت پاکستان نے کیا ہے ۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لئے دوست ممالک اور خطے میں پاکستانی سفارت خانے مدد کر رہے ہیں ، وزیراعظم نے وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری، وزیر مملکت حناربانی کھر، وزارت خارجہ کے حکام، سوڈان میں پاکستانی سفیر کو شاباش دی۔ وزیراعظم نے عسکری حکام اور تمام متعلقہ ذمہ داران کی فرض شناسی، شاندار مہارت سے انخلاء کی جامع حکمت عملی کی تیاری اور کامیابی سے اس پر عملدرآمد کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو خصوصی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ سوڈان میں جنگ کی وجہ سے پاکستانیوں کے انخلاء میں مشکلات اور خطرات کا سامنا تھا، حکومت پاکستان نے پاکستانیوں کے انخلاء کے لئے محفوظ راستوں کا تعین کیا، پاکستانیوں کو چھوٹے چھوٹے گروہوں کی شکل میں خرطوم سے محفوظ مقامات پر پہنچایا جا رہا ہے ، برادر ممالک سعودی عرب، ترکیہ اور مصر نے پاکستانیوں کے انخلاء میں خصوصی معاونت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانیوں کے انخلاء میں مدد کرنے پر سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ سوڈان میں محصور پاکستانیوں کی سلامتی اور تحفظ سے متلعق اقدامات کی مسلسل نگرانی جاری تھی، سوڈان میں پاکستانی سفارت خانہ محصور پاکستانیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ سوڈان میں پاکستانی سفارت خانے میں ہیلپ لائن قائم ہے جس پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
مزیدخبریں