گرل فرینڈ کا آدھا برگر کھانے پر دوست کو قتل کرنے کا انکشاف

04:27 PM, 24 Apr, 2024

ویب ڈیسک: انسانی جان کی قیمت آدھا برگر۔ کراچی میں گرل فرینڈ کا برگر کھانے پر دوست نے دوست کو قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفینس میں جج کے بیٹے کے قتل کیس کی تفتیش مکمل کرلی گئی ہے۔ جس کی تحقیقات کی فائنل رپورٹ سامنے آگئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیفنس فیز فائیو میں 8 فروری کو معززجج کے بیٹےعلی کیریو کا قتل ہوا تھا۔ قتل کیس میں ایس ایس پی نذیر میر بحر کے بیٹے دانیال کو گرفتار کیا گیا تھا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دانیال نے 8 فروری کو اپنی گرل فرینڈ شازیہ کو گھر بلایا تھا۔ گھر میں اسکا دوست علی کیریو اور بھائی احمر بھی موجود تھے۔ ملزم دانیال شازیہ کو علیحدہ کمرے میں لے گیا اور اس کے لئے دو برگر آرڈر کیے۔ آرڈر آیا تو علی کیریو نے اس میں سے ایک برگر آدھا کھالیا۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دوست کی اس حرکت پر دانیال آپے سے باہر ہوگیا اور گارڈ کی رائفل لے آیا۔ بھائی کی مداخلت کے باوجود اسکا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوا اور اس نے گولی چلادی۔ فائرنگ سے علی کیریو زخمی ہوا اور اسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

تفتیشی افسر نے تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ اعلی افسران کو ارسال کردی۔ رپورٹ میں پولیس افسر کے بیٹے کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ ملزم دانیال نذیر میر بحر جیل میں ہے اور کیس عدالت میں زیرسماعت ہے۔

مزیدخبریں