’کابل سے اڑنے والا یوکرین کا طیارہ اغواءنہیں ہوا‘

09:43 AM, 24 Aug, 2021

حسان عبداللہ

کیف(ویب ڈیسک) یوکرین کی وزارت خارجہ نے کابل سے اڑنے والے اپنے طیارے کے اغواء ہونے کی خبروں کی تردید کر دی ہے، اس سے قبل یوکرین کی وزارت خارجہ کے نائب وزیر کی جانب سے ایران پر یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے یوکرین کا طیارہ اغواء کر لیا ہے جو کابل میں پھنسے شہریوں کو نکالنے کے لیے ایک آپریشن میں شریک تھا .

وزارتِ خارجہ کے ترجمان اولے نیکولینکو نے کہا کہ ’کابل یا کسی اور جگہ کوئی ایسا یوکرینی طیارہ موجود نہیں جسے ہائی جیک کیا گیا ہو۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ طیارہ 256 افراد کو لیکر واپس باحفاظت یوکرین پہنچ گیا ہے.

واضح رہے کہ یوکرین کے نائب وزیرخارجہ نے ایک روسی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں الزام عائد کیا تھا کہ یوکرینی طیارے پر کچھ دیگر مسلح افراد نے قبضہ کر لیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ افراد نے ہمارا جہاز ہائی جیک کر لیا تھا اور وہ اسے ایران میں لے جانے پر بضد تھے، نائب وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ شہریوں کو نکالنے کی ہماری اس سے قبل کی جانے والی تین کوششیں بھی ناکام رہیں کیونکہ ہمارے مسافروں کو ہوائی اڈے تک رسائی میں مشکلات کا سامنا رہا۔

یاد رہے کہ یوکرین کی جانب سے میڈیا کو جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق اتوار کو ایک فوجی مال بردار طیارہ 83 افراد کو لے کر کابل سے یوکرین کے دارالحکومت پہنچا تھا جس میں 31 یوکرینی شہری سوار تھے۔

مزیدخبریں